کریم نگرمیں آواز نکالنے والے سانپ کا جانئیے کیا ہے سچ!

کریم نگر: بچوں کو کرکٹ کھیل سے روکنے کیلئے ایک شخص نے فرضی سانپ کی ویڈیو مقامی واٹس اپ گروپس میں پوسٹ کردی جو بعد ازاں سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمس پر تیزی کے ساتھ وائرل ہوگئی۔تلنگانہ کے ضلع کریم نگر کے والی چیلا گاوں میں پیش آئے اس واقعہ کے بعد پولیس نے کافی جدوجہد کرتے ہوئے اس فرضی ویڈیو کو پوسٹ کرنے والے کا پتہ چلایا۔ اس شخص جس کی شناخت سرینواس کے طورپر کی گئی ہے نے، آواز نکالنے والے سانپ کی ویڈیو شیر چیٹ سے اپ لوڈ کرتے ہوئے مقامی واٹس اپ گروپ میں پوسٹ کردی۔اس ویڈیو کو پوسٹ کرنے کا مقصد اس کے گھر کے قریب بچوں کو کرکٹ کھیلنے سے روکنا تھا۔اس ویڈیو کو اس نے واٹس اپ گروپ میں پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ اس کے علاقہ میں یہ سانپ نظر آیا جو آواز نکالتا ہے۔اس ویڈیو کے تیزی کے ساتھ وائرل ہونے کے ساتھ ہی پولیس چوکس ہوگئی جس نے دو دن کی جانچ کے بعد سرینواس کا پتہ لگانے میں بالاخر کامیابی حاصل کی۔اس فرضی ویڈیو کو پوسٹ کرنے کی وجہ معلوم کرنے والی پولیس کو حیرانی ہوئی۔اس شخص نے پولیس کو بتایا کہ بچوں کے اس کے مکان کے قریب کرکٹ کھیلنے سے اس کے ارکان خاندان کو پریشانی کا سامنا کرناپڑتا ہے۔ پولیس نے اس کی کونسلنگ کی اوردوبارہ ایسی حرکت نہ کرنے کا انتباہ دیا۔