ڈاکٹرس کا ویڈیو دیکھ کر آپریشن۔روبوٹ نے سرجری کے میدان میں انقلاب برپا کردیا

نئی دہلی: سائنس دانوں نے پہلی بار آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) کے ذریعے روبوٹک سرجری میں کامیابی حاصل کر لی ہے، جو میڈیکل ٹیکنالوجی میں ایک نیا سنگ میل ہے۔ امریکہ کی جان ہاپکنس یونیورسٹی (جے ایچ یو) میں ایک روبوٹ نے پیچیدہ سرجری خود انجام دی، جس نے ڈاکٹروں کو حیران کن طریقے سے سرجری کے تمام مراحل کو مکمل کیا۔
اس کامیاب تجربے نے دنیا بھر میں اے آئی کی صلاحیتوں کے بارے میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔رپورٹس کے مطابق، محققین نے اس روبوٹ کو ‘امیٹیشن لرننگ’ (دیکھ کر سیکھنے) کے طریقے سے تربیت دی۔ روبوٹ کو ڈاکٹروں کے ویڈیوز دکھا کر اسے سرجری کے مختلف مراحل سکھائے گئے، جس کی مدد سے روبوٹ نے انسانوں کی طرح بے حد درستگی کے ساتھ پیچیدہ میڈیکل پروسیجرز کو انجام دیا۔ محققین کا کہنا ہے کہ اب روبوٹ کو ہر سرجری کے مرحلے کے لیے الگ سے پروگرام کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی
اس کا مطلب یہ ہے کہ روبوٹک سرجری مکمل طور پر خودکار ہو جائے گی۔اس تحقیق میں چیٹ جی پی ٹی جیسے جدید ماڈلز کا بھی استعمال کیا گیا، جس نے روبوٹ کو ریاضی کے فارمولوں کے ذریعے طبی زبان سکھانے میں مدد دی۔ اس کامیاب تجربے کا انکشاف حال ہی میں جرمنی کے میونخ میں منعقدہ روبوٹ لرننگ کانفرنس میں کیا گیا
جہاں ماہرین نے اس انقلابی کامیابی کو روبوٹک صلاحیتوں کی ترقی کا ایک نیا باب قرار دیا۔
مستقبل قریب میں، یہ روبوٹ انسانی مداخلت کے بغیر خود بخود سرجری کرنے کے قابل ہو جائیں گے، جو میڈیکل سائنس کی دنیا میں ایک اہم پیش رفت ہے۔