Uncategorized

ڈاکٹر شبانہ کیسر مانو ٹیچرس اسوسئیشن کی پہلی خاتون صدر

نومنتخبہ عہدیداروں کی حلف برداری۔ پروفیسر عین الحسن و پروفیسر اشتیاق احمد کی شرکت

حیدرآباد (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے اساتذہ کی انجمن (مانوٹا) کی تقریب حلف برداری کا سی پی ڈی یو ایم ٹی آڈیٹوریم میں منگل کی شام انعقاد عمل میں آیا۔ مانوٹا کے انتخابات میں 6 کے منجملہ 5 عہدیدار بلا مقابلہ منتخب ہوئے۔ نائب صدر کے عہدے کے لیے انتخابات منعقد کیے گئے۔ڈاکٹر شبانہ کیسر، اسسٹنٹ پروفیسر، شعبۂ تعلیم نسواں کو انجمن کی پہلی خاتون صدر بننے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔

 

پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔انہوں نے اپنے خطاب میں نو منتخب عہدیداروں کو مبارکباد دی اور انہیں اساتذہ برادری کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے کی تلقین کی۔ جبکہ مہمانِ اعزازی پروفیسر اشتیاق احمد، رجسٹرار نے عہدیداروں کو خوش آمدید کہا اور انجمن سے مکمل تعاون کرنے کا تیقن دیا۔

 

صدر نشین انتخابات کمیٹی پروفیسر بدیع الدین احمد نے ڈاکٹر شبانہ کیسر، صدر؛ ڈاکٹر صلاح الدین سید، نائب صدر؛ ڈاکٹر جمیل احمد، معتمدعمومی؛ ڈاکٹر ماجد علی چودھری، شریک معتمد (انتظامی)؛ جناب احمد طلحہ صدیقی، شریک معتمد (تشہیر) اور جناب چوالا متیالا راؤ، خازن کو حلف دلایا۔ وائس چانسلر کے ہاتھوں نومنتخبہ عہدیداروں میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔

 

الیکشن آفیسرس ڈاکٹر سید خواجہ صفی الدین نے کارروائی چلائی جبکہ جناب محمد عمر نے شکریہ ادا کیا۔ قرات کلام پاک سے جلسے کا آغاز ہوا۔ دیگر الیکشن آفیسرس میں ڈاکٹر فہیم الدین احمد، ڈاکٹر زیڈ عبدالرحیم ، ڈاکٹر خواجہ معین الدین اور ڈاکٹر مقیم احمد شامل تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button