تلنگانہ کے میڑچل ضلع کے ہاسٹل میں آتشزدگی، اے سی پھٹنے سے آگ بھڑکی، دھویں کے باعث 6 طلبہ بے ہوش
تلنگانہ کے میڑچل ضلع میں ایک ہاسٹل میں پیش آئے آتش زدگی کے واقعے نے سنسنی پھیلا دی، جہاں دھویں کے باعث 6 طلبہ بے ہوش ہوگئے۔ یہ حادثہ الوال کے سٹیزن کالونی میں واقع نائن ایجوکیشن ہاسٹل میں پیش آیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق ہاسٹل کی چوتھی منزل پر نصب ایئر کنڈیشنرز کے پھٹنے سے اچانک آگ بھڑک اٹھی، جو دیکھتے ہی دیکھتے پانچویں منزل تک پھیل گئی۔
آگ اور گھنے دھویں کے باعث کمروں میں موجود تقریباً 20 طلبہ محصور ہوکر رہ گئے، جن میں سے 6 طلبہ دم گھٹنے کے سبب بے ہوش ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، فائر بریگیڈ اور ایمبولینس خدمات حرکت میں آگئیں۔
موقع پر چار ایمبولینسیں اور ایک فائر انجن پہنچایا گیا، جبکہ فائر بریگیڈ کے عملے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا اور طلبہ کو بحفاظت باہر نکالا۔
بے ہوش طلبہ کو فوری طور پر قریبی ہاسپٹل منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت مستحکم بتائی جارہی ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق ہاسٹل کی عمارت مکمل طور پر شیشے کی ہونے کے باعث دھواں باہر نہ نکل سکا، جس سے طلبہ شدید گھبراہٹ اور سانس لینے میں دشواری کا شکار ہوگئے
۔ واقعہ کے بعد ہاسٹل انتظامیہ کی جانب سے حفاظتی انتظامات پر بھی سوالات اٹھنے لگے ہیں، جبکہ پولیس نے واقعے کی جانچ شروع کردی ہے۔



