اسرائیل اور حماس کے درمیان چار روزہ جنگ بندی پر آج سے عمل آوری
حیدرآباد _ سات ہفتوں سے جاری اسرائیل حماس جنگ کو تھوڑا سا وقفہ ملا۔ دونوں فریقین کے درمیان بالآخر جنگ بندی کا معاہدہ طے پا گیا ۔جس کے بعد دونوں طرف کے حملے روک دئے گئے ہیں طویل مذاکرات کے بعد اسرائیل اور حماس نے چار روزہ جنگ بندی پر اتفاق کیا۔ یہ جمعہ کی صبح 10.30 بجے سے نافذ ہو گیا ہے اس کے ساتھ ہی مغویوں کی رہائی کا عمل شروع ہو جائے گا۔ اسی طرح انسانی امداد کی راہ ہموار ہوئی ہے۔ اس سے 7 اکتوبر کو شروع ہونے والی جنگ پہلی بار رک گئی۔
چار دن میں دونوں فریق ایک ایک کر کے یرغمالیوں کو رہا کریں گے۔ اس کے ایک حصے کے طور پر حماس 50 افراد کو چھوڑے گی جب کہ اسرائیل 150 افراد کو چھوڑے گا۔ یہ عمل جمعہ کی شام تک مکمل کر لیا جائے گا۔ پہلی رہائی میں حماس 13 یرغمالیوں کو رہا کرے گی۔ اس میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ دریں اثناء اسرائیل نے پہلے ہی رہائی کے اہل 300 افراد کی فہرست کا اعلان کر دیا ہے۔ اسی طرح فلسطین کو انسانی امداد فراہم کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ قطر دونوں فریقوں کے لیے ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے۔ اصل میں یہ معاہدہ جمعرات کی شام ہی نافذ ہونا تھا لیکن مختلف وجوہات کی بنا پر اسے ملتوی کر دیا گیا۔