افغانستان میں زوردار زلزلہ – 250 افراد جاں بحق ؛ سینکڑوں افراد زخمی
افغانستان میں پیر کی صبح زوردار زلزلہ آیا جس کی شدت 6.3 ریکٹر اسکیل پر ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کے نتیجے میں ننگرہار صوبے کے جلال آباد کے قریب سب سے زیادہ تباہی ہوئی۔ کنڑ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق ضلع نُرگل، سوکی، واٹپور، مانوجی اور چپدارہ میں کم از کم 250 افراد جاں بحق اور 500 سے زائد زخمی ہوئے۔
امدادی ٹیمیں تباہ شدہ مکانات کے ملبے سے نعشیں اور زندہ افراد نکالنے کی کوششوں میں مصروف ہیں جبکہ درجنوں لوگ تاحال لاپتہ ہیں۔ امریکی جیولوجیکل سروے (USGS) کے مطابق زلزلے کا مرکز جلال آباد کے قریب تھا۔
شدید جھٹکوں کے بعد کئی آفٹر شاکس بھی ریکارڈ کیے گئے جن کی شدت 4 سے 5 کے درمیان تھی۔ بھارتی نیشنل سینٹر فار سیزمولوجی کے مطابق زلزلہ مقامی وقت کے مطابق اتوار کی رات 11:47 بجے 160 کلومیٹر گہرائی میں آیا، جس کے بعد 4.7 شدت کا ایک اور جھٹکا بھی محسوس کیا گیا۔
زلزلے کے جھٹکے افغانستان کے مختلف علاقوں کے علاوہ پاکستان میں پشاور، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور سوات تک محسوس کیے گئے جس سے عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا۔



