تلنگانہ میں چکن کی قیمت آسمان پر

تلنگانہ میں چکن کی قیمتوں میں زبردست اضافہ
حیدرآباد ۔تلنگانہ میں چکن کی قیمتوں میں حالیہ دنوں میں زبردست اضافہ دیکھاجارہا ہے حالانکہ دو ماہ قبل برڈ فلو کے مشتبہ کیسس کے باعث چکن کی قیمتوں میں گراوٹ آئی تھی۔ پولٹری فارمرس کا کہنا ہے کہ مختلف عوامل کی وجہہ سے قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔
چکن فارمرس کا کہنا ہے کہ فیڈ کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ اور ویکسین کی مہنگائی نے پیداواری لاگت کو بڑھا دیا ہے۔ اس کے علاوہ پولٹری کے دیگر اخراجات میں بھی اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے فارمرز پر اضافی مالی بوجھ پڑا ہے۔ حالیہ دنوں میں پولٹری فیڈ کی قیمت میں اضافہ ہونے سے مزید مشکلات سامنے آئی ہیں اور اس سے فارمرس کو اپنی مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں چکن کی قیمتیں مختلف سطحوں پر پہنچ چکی ہیں۔ کچھ علاقوں میں برائلر چکن کی قیمت فی کلوگرام 250 روپے کے قریب ہے جبکہ دیگر علاقوں میں یہ قیمت 270 روپے سے 300 روپے تک پہنچ چکی ہے۔ قیمتوں میں یہ اضافہ نہ صرف عام شہریوں کے لیے مشکلات کا باعث بن رہا ہے بلکہ ریستورانوں اور ہوٹل مالکان کے لیے بھی پریشانی کا سبب بن گیا ہے۔
ان افراد کا کہنا ہے کہ چکن کی قیمتوں میں اس اضافے کے باعث ان کے کاروبار پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔چکن کی قیمتوں میں اضافہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب عام آدمی پہلے ہی مہنگائی کی وجہ سے پریشانی کا شکار ہے۔تاجروں کا کہنا ہے کہ اگر یہ صورتحال برقرار رہی تو آئندہ دنوں میں چکن کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے جس سے عام آدمی کے لیے اس کی خریداری مزید مشکل ہو جائے گی۔
عام شہریوں کا کہنا ہے برڈ فلو کے دوران کوئی بھی چکن نہیں خرید رہا تھا اس کی قیمتوں میں بے حد کمیآئی تھی لیکن اب جبکہ لوگ چکن خرید رہے ہیں اسکی قیمت بڑھا دی گئی۔