انٹر نیشنل

دمام ہوائی اڈہ پر حملہ مہلوکین میں ایک ہندوستانی بھی شامل

ریاض: سعودی عرب کے دمام میں واقع کنگ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بدھ کی دیر رات ہوئے حملے میں ایک ہندوستانی شہری سمیت دو افراد جان بحق ہو گئے، جبکہ 8 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔

 

زخمیوں میں دو ہندوستانی شہری بھی شامل ہیں۔ ہندوستان نے سعودی عرب میں شہریوں اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے والے حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے خطے میں جلد امن اور معمول کے حالات کی بحالی کی امید ظاہر کی ہے۔ریاض میں واقع ہندوستانی سفارت خانے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ

 

سعودی حکام سے موصول ہونے والی معلومات کے مطابق دمام ہوائی اڈے پر حملے میں دو افراد کی موت ہوئی، جن میں ایک ہندوستانی شہری بھی شامل ہے۔ حملے میں دو دیگر ہندوستانی شہری زخمی ہوئے ہیں۔سفارت خانے نے کہا کہ وہ واقعے سے متعلق مزید معلومات جمع کر رہا ہے اور متاثرہ خاندانوں کے رابطے میں ہے۔ سفارت خانے نے مہلوکین کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔

 

سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن (جی اے سی اے) نے جمعرات کو جاری بیان میں بتایا کہ حملے میں ہلاک ہونے والوں میں ایک سعودی شہری اور ایک ہندوستانی شہری شامل ہیں۔ اس واقعے میں مجموعی طور پر آٹھ افراد زخمی ہوئے، جن میں ایک سعودی شہری، ہندوستان، یمن اور بنگلہ دیش کے دو دو شہری اور نیپال کا ایک شہری شامل ہے۔

 

اتھارٹی کے مطابق متعلقہ سکیورٹی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر نقصان کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ مسافروں اور عملے کی حفاظت کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ حکام نے یہ بھی بتایا کہ ہوائی اڈے پر کام کاج دوبارہ شروع ہو گیا ہے اور فضائی آمد و رفت معمول پر آ گئی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button