15سال پرانی گاڑی چلانے والوں کے لئے اہم خبر – گرین ٹیکس کے ساتھ آر سی کی تجدید بھی لازمی

حیدراباد -22اکتوبر( اردو لیکس ڈیسک) اگر آپ کے گھر میں پرانی موٹر سائیکل ہے یا کئی سال سے ایک ہی کار استعمال کر رہے ہیں تو گاڑی کی عمر کے ساتھ اس کی رجسٹریشن کی مدت پر بھی توجہ دینا ضروری ہے۔ 15 سال سے زیادہ پرانی گاڑی کو سڑک پر چلانے کے لئے صرف مرمت کرانا اور ایندھن ڈلوانا کافی نہیں، بلکہ گرین ٹیکس ادا کرنے، گاڑی کی حالت کا معائنہ کرانے اور رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (آر سی) کی تجدید کے لئے درخواست دینا بھی ضروری ہے۔ مقررہ فیس ادا کرنے کے بعد ہی آر سی کی تجدید کرائی جاسکتی ہے۔
خانگی گاڑیوں کی ابتدائی رجسٹریشن 15 سال تک مؤثر رہتی ہے، جبکہ تجارتی گاڑیوں کے لئے یہ مدت سات سال ہے۔ مقررہ مدت مکمل ہونے کے بعد قواعد کے مطابق رجسٹریشن کی تجدید کرانا ضروری ہے۔ بصورت دیگر گاڑی کے بیمہ اور اس کی خرید و فروخت سمیت دیگر معاملات میں مشکلات پیش آسکتی ہیں۔
گرین ٹیکس کیسے ادا کریں؟
محکمہ ٹرانسپورٹ کے سرکاری پورٹل یا موبائل فون پر موصول ہونے والے پیغام میں موجود لنک کے ذریعہ گرین ٹیکس ادا کیا جاسکتا ہے۔ اس کے لئے گاڑی کا رجسٹریشن نمبر اور چیسز نمبر کے آخری پانچ ہندسے درج کرنے ہوں گے۔ اس کے علاوہ درخواست گزار کا نام، والد کا نام، تاریخ پیدائش، گاڑی کی قسم اور موبائل نمبر جیسی تفصیلات فراہم کرنا ہوں گی۔
تفصیلات درج کرنے کے بعد واجب الادا گرین ٹیکس اور سابقہ بقایاجات کی معلومات سامنے آجائیں گی۔ آن لائن ادائیگی مکمل کرنے کے بعد رسید ڈاؤن لوڈ کرکے محفوظ رکھنا ضروری ہے۔
صرف گرین ٹیکس ادا کرنا کافی نہیں
بہت سے لوگ گرین ٹیکس ادا کرنے کو ہی پرانی گاڑی کے تمام تقاضوں کی تکمیل سمجھتے ہیں، لیکن ایسا نہیں ہے۔ گرین ٹیکس حکومت کو ادا کیا جانے والا ٹیکس ہے، جبکہ آر سی کی تجدید کے ذریعے گاڑی کی رجسٹریشن کی مدت میں مزید پانچ سال کی توسیع حاصل کی جاتی ہے۔ اس لئے دونوں کارروائیاں مکمل کرنا ضروری ہے۔ اس کے ساتھ آر سی کی تجدید کی فیس، سروس چارجز اور اسمارٹ کارڈ کی فیس بھی ادا کرنی ہوگی۔
پرانی گاڑیوں پر کتنا خرچ آئے گا؟
محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق گرین ٹیکس، تجدید کی فیس، سروس چارجز اور اسمارٹ کارڈ کی فیس سمیت 15 سال سے زیادہ لیکن 20 سال سے کم عمر کی موٹر سائیکل پر مجموعی طور پر 3,400 روپے اور خانگی کار پر 10,600 روپے خرچ ہوں گے۔اسی طرح 20 سال سے زیادہ پرانی موٹر سائیکل کے لئے 6,400 روپے اور کار کے لئے 15,600 روپے ادا کرنے ہوں گے۔
آر سی کی تجدید کے لئے درکار دستاویزات
آر سی کی تجدید کے لئے فارم 25، اصل رجسٹریشن سرٹیفکیٹ، مؤثر بیمہ دستاویز، آلودگی کنٹرول سرٹیفکیٹ (پی یو سی) اور ٹیکس کی ادائیگی سے متعلق تفصیلات تیار رکھنی ہوں گی۔ اس کے بعد متعلقہ رجسٹریشن اتھارٹی کی جانب سے مقررہ تاریخ پر گاڑی کو معائنے کے لئے پیش کرنا ہوگا۔ دستاویزات کی جانچ، گاڑی کے معائنے اور دیگر ضابطوں کی تکمیل کے بعد تجدید کا عمل مکمل ہوگا۔
کن گاڑیوں کو گرین ٹیکس سے چھوٹ؟
ایل پی جی، سی این جی اور صرف بیٹری سے چلنے والی گاڑیوں کو گرین ٹیکس سے استثنیٰ حاصل ہے۔ تاہم، ان گاڑیوں کے لیے بھی آر سی کی تجدید کے سلسلے میں اسمارٹ کارڈ کی مقررہ فیس ادا کرنا ضروری ہے۔



