وارنٹ گرفتاری کا فیصلہ سیاسی نہیں ہے: یوروپی یونین
نئی دہلی۔ یورپی یونین خارجہ پالیسی چیف جوزف بوریل نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے پر بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ عدالت کے فیصلے کا احترام کرنا چاہیے۔جوزیف بوریل نے کہا کہ عالمی فوجداری عدالت (آئی سی سی) کا اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو اور سابق اسرائیلی وزیر دفاع یواف گیلنٹ کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا فیصلہ سیاسی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلے کا نفاذ یورپی یونین کے تمام ممالک پر لازم ہے۔ واضح رہے کہ نیدرلینڈز کے وزیر خارجہ پہلے ہی اسرائیلی وزیر اعظم کی گرفتاری کا عندیہ دے چکے ہیں۔اسرائیلی وزیر اعظم کے وارنٹ جاری ہونے پر فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے بھی اپنے بیان میں عالمی فوجداری عدالت کی فیصلہ کاخیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدالت احتساب کا دائرہ اسرائیل کے تمام مجرم رہنماؤں تک بڑھائے۔
نیتن یاہو کے وارنٹ گرفتاری پر فرانس کی وزارت خارجہ کی جانب سے کہا گیا کہ فرانس کا ردعمل عدالت کےاصولوں کےمطابق ہوگا۔نیتن یاہو کے وارنٹ گرفتاری پر اردن کے وزیر خارجہ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ نیتن یاہو اور گیلنٹ کی گرفتاری کے آئی سی سی کے فیصلے پر عمل اور اس کا احترام ہونا چاہیے فلسطین کے لوگ انصاف کے حق دار ہیں۔
خیال رہے کہ عالمی فوجداری عدالت نے آج اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ہیں۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم پر جنگی جرائم کے ارتکاب کا الزام ہے۔
عالمی فوجداری عدالت نے جنگی جرائم کے ارتکاب کے الزام میں سابق اسرائیلی وزیر دفاع یواف گیلنٹ کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے ہیں۔
khkhkhkh