انٹر نیشنل

آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگ سے ٹکرا کر مال بردار جہاز غرق – ہزاروں آئی فون اور قیمتی سامان سمندر میں بہہ گیا

حیدراباد – 15اکتوبر ( اردو لیکس ڈیسک) آبنائے ہرمز میں ایک مال بردار جہاز غرق ہوگیا۔ ایرانی پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) نے بتایا کہ یہ حادثہ سمندری بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے باعث پیش آیا۔

 

قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے کسی جہاز کے بارودی سرنگ سے ٹکرا کر غرق ہونے کا اعلان پہلی مرتبہ کیا گیا ہے۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق، حکام نے بتایا کہ جہاز غیر قانونی اور خطرناک راستے سے گزر رہا تھا، اسی دوران یہ حادثہ پیش آیا۔

 

اطلاعات کے مطابق، حادثے کا شکار جہاز تقریباً 2500 کنٹینرس لے جارہا تھا، جن میں آئی فون، قیمتی عطر کی بوتلیں اور دیگر اشیاء شامل تھیں۔ حادثے کے بعد کنٹینرس سمندر میں بکھر گئے اور ان میں موجود آئی فون سمیت مختلف اشیاء بڑی تعداد میں پانی پر تیرتی دکھائی دیں۔ بتایا جاتا ہے کہ سنگاپور کے پرچم بردار جی ایف ایس پرائیڈ نامی جہاز یہ سامان دبئی سے لے کر روانہ ہوا تھا۔

 

ابتدائی طور پر بندرگاہ کے حکام نے بتایا تھا کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے سنگاپور کے دو مال بردار جہاز نامعلوم اشیاء سے ٹکرا گئے۔ ان میں سے ایک جہاز غرق ہوگیا، جبکہ دوسرا بحفاظت اپنی منزل پر پہنچ گیا۔ اس واقعے کے بعد سنگاپور کی بندرگاہ کے حکام نے بتایا کہ غرق ہونے والے جہاز کے تمام عملے کو بحفاظت نکال لیا گیا اور کسی کو کوئی چوٹ نہیں آئی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button