انٹر نیشنل

ترکی کے مغربی حصے میں زلزلہ — کئی عمارتیں متاثر، 22 افراد زخمی 

ترکی کے مغربی حصے میں زلزلہ — کئی عمارتیں متاثر، 22 افراد زخمی

 

ترکی کے مغربی علاقے میں پیر کی رات ایک زوردار زلزلے نے جھٹکے پیدا کیے۔ ملک کی ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی (AFAD) کے مطابق، زلزلے سے بعض عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے تاہم فوری طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ البتہ 22 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے

 

رپورٹ کے مطابق، زلزلے کی شدت 6.1 ریکارڈ کی گئی جو بالیکسیر صوبے کے سندھری (Sindirgi) قصبے میں محسوس کیا گیا۔ زلزلہ مقامی وقت رات 10 بج کر 48 منٹ پر آیا، اور اس کی گہرائی تقریباً 6 کلومیٹر بتائی گئی ہے۔

 

زلزلے کے جھٹکے استنبول، برصہ، مانیسا اور ازمیر جیسے قریبی صوبوں میں بھی محسوس کیے گئے۔ ترک نیوز چینل حبرد ترک کے  مطابق، سندھری میں کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔

 

قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ گزشتہ اگست میں بھی اسی علاقے میں 6.1 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس میں ایک شخص ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے تھے۔ اس کے بعد سے بالیکسیر کے آس پاس کے علاقوں میں معمولی جھٹکے وقفے وقفے سے محسوس کیے جا رہے تھے۔

 

یاد رہے کہ ترکی دنیا کی بڑی فالٹ لائنز پر واقع ہے، جہاں اکثر زلزلے آتے رہتے ہیں۔

 

سال 2023 میں آنے والے 7.8 شدت کے تباہ کن زلزلے میں 53 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے، جب کہ 11 جنوبی و جنوب مشرقی صوبوں میں لاکھوں عمارتیں منہدم یا تباہ ہو گئی تھیں۔ اس زلزلے میں شمالی شام میں بھی تقریباً 6 ہزار افراد ہلاک ہوگئے  تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button