ہندوستانی نژاد کملا ہیرس کا نام امریکی صدارتی امیدوار کے طور پر نامزد _ کملا ہیرس کی ماں کا تعلق تامل ناڈو سے

حیدرآباد _ 27 جولائی ( اردولیکس ڈیسک)ہندوستانی نژاد موجودہ نائب صدر امریکہ کملا ہیرس کو نومبر میں ہونے والے امریکی صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔ اس بات کا انکشاف خود کملا ہیرس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی امیدواری سے متعلق درخواستوں پر دستخط کر دیے ہیں۔ اس کی تصویر بھی شیئر کی گئی۔
اس موقع پر کملا ہیرس نے اس یقین کا اظہار کیا کہ نومبر میں ان کی گراس روٹ مہم جیت جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہر ایک ووٹ حاصل کرتے ہوئے جیتنے کے لیے بھرپور محنت کریں گی ۔
واضح رہے کہ موجودہ صدر جو بائیڈن نے حال ہی میں صدارتی انتخاب سے دستبردار ہو گئے ہیں۔ اس پس منظر میں کملا ہیرس کا نام سامنے آیا۔ جس کے بعد مختلف شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والوں کی انھیں زبردست پذیرائی ملی۔ سابق صدر بارک اوباما جوڑے نے بھی کملا ہیرس کی حمایت کا اعلان کردیا ۔ اوباما نے تعریف کی کہ وہ امریکہ کی شاندار صدر ہوں گی۔ اس سلسلہ میں جمعہ کو اوباما اور ان کی اہلیہ مشیل اوباما نے ہیرس کی امیدواری کو مضبوط کرنے والی ایک ویڈیو جاری کی۔
انہوں نے کہا کہ وہ اس عہدے کی مستحق ہیں اور نومبر کے انتخابات میں ٹرمپ کو شکست دینے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گی۔ جب اوباما نے پہلے ہیریس کے لیے اپنی حمایت کا اعلان نہیں کیا تو یہ افواہیں تھیں کہ وہ ان کی امیدواری کی مخالفت کر رہے ہیں۔ تاہم ایسا لگتا ہے کہ انتخابی مہم میں اوباما جوڑے کی حمایت سے جان آگئی ہے۔ دوسری جانب سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ ریپبلکن پارٹی کی جانب سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔
شیاملا گوپالن ، کملا ہیرس کی ماں تھیں۔ وہ چنئی، تامل ناڈو، بھارت سے تعلق رکھنے والی ایک بھارتی ماہر حیاتیات اور شہری حقوق کی کارکن تھیں۔ شرمیلا گوپالن نے کئی دہے قبل امریکہ منتقل ہونے کے بعد ڈونلڈ ہریس سے شادی کرلی ۔انھیں دو لڑکیاں ہوئیں۔