ہندوستانی فوری لبنان سے نکل جائیں۔ حکومت ہند کی ایڈوائزری
نئی دہلی ۔ اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جاری جنگ کے شدت اختیار کرنے کے پیش نظر حالات کی سنگین نوعیت کو دیکھتے ہوئے ہندوستانی سفارت خانہ نے لبنان میں مقیم ہندوستانی شہریوں کے لیے ایڈوائزری جاری کی ہے، اس ایڈوائزری میں انہیں فوری اس ملک کو چھوڑ دینے کے لیے کہا گیا ہے۔
بیروت میں ہندوستانی سفارت خانہ نے سوشل میڈیا سائٹ ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ جاری کیا جس میں کہا گیا ہے خطہ میں تناؤ کو دیکھتے ہوئے ہندوستانی شہریوں کو اگلی اطلاع تک لبنان کا سفر نہ کرنے کی صلاح دی جاتی ہے۔ لبنان میں پہلے سے موجود سبھی ہندوستانی شہریوں کو بھی صلاح دی جاتی ہے کہ وہ فوری طور پر لبنان چھوڑ دیں۔ جو لوگ کسی بھی وجہ سے وہاں رکے ہوئے ہیں انہیں انتہائی احتیاط برتنے، اپنی سرگرمیوں کو روکنے اور بیروت میں ہندوستانی سفارت خانہ کے رابطہ میں رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جنگ کے بعد لبنان میں مقیم لوگوں کی زندگی کو شدید خطرہ لاحق ہے۔ اس سلسلے میں سبھی ممالک یہاں رہنے والے اپنے شہریوں کے تعقلق سے کافی فکر مند ہیں اور انہیں ملک چھوڑنے یا محفوظ علاقوں میں رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔