تلنگانہ میں 4 ستمبر تک بارش – آج ان اضلاع میں بارش کی پیش قیاسی

حیدرآباد کے محکمہ موسمیات نے ایک بار پھر خبردار کیا ہے کہ تلنگانہ میں آئندہ دنوں میں موسلا دھار بارش ہوسکتی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اگلے تین دنوں تک ریاست کے مختلف اضلاع میں شدید بارش کے امکانات ہیں۔ خاص طور پر آج ضلع کومرم بھیم
آصف آباد، عادل آباد، نظام آباد، منچریال، نرمل، پداپلی، جئے شنکر بھوپال پلی، مُلُگو، بھدرادری کتہ گوڈم، کھمم، سوریہ پیٹ اور کاماریڈی میں بھاری بارشیں متوقع ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 48 گھنٹوں تک موسم زیادہ تر ابر آلود رہے گا، بجلی کڑکنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران 30 سے 40 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔ کئی اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش کے پیش نظر ایلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا کہ پہلے ہی شمالی تلنگانہ کے کئی علاقے بارش سے متاثر ہوچکے ہیں جہاں آبی ذخائر لبریز ہوگئے ہیں اور ندی نالے بھر گئے ہیں۔ دوبارہ شدید بارش کے خدشے کے باعث کسانوں اور نشیبی علاقوں میں رہنے والے عوام کو محتاط رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اس وارننگ کے مطابق آج سے 4 ستمبر تک ریاست میں موسلا دھار بارش ہوسکتی ہیں۔



