لبنان پر حملوں کے خلاف آبنائے ہرمز بند کرنے ایران کی دھمکی: اسرائیل کے حملے جاری رہے تو جنگ بندی ختم کرنے کا انتباہ

اسرائیل کی جانب سے لبنان میں جاری حملوں اور مبینہ جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے بعد خطے میں کشیدگی خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے، جبکہ ایران نے سخت ردعمل دیتے ہوئے آبنائے ہرمز سے گزرنے پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ایرانی حکام نے واضح کیا ہے کہ اگر اسرائیل نے لبنان پر حملے جاری رکھے تو ایران امریکہ کے ساتھ طے پانے والے جنگ بندی معاہدے سے دستبردار ہو سکتا ہے۔ تہران نے امریکہ کو دوٹوک انداز میں خبردار کیا کہ اسرائیل کی کسی بھی کارروائی کو واشنگٹن کی شمولیت تصور کیا جائے گا، جس پر ایران فیصلہ کن جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایران نے ثالث ممالک کو بھی آگاہ کر دیا ہے کہ اسلام آباد میں امریکہ کے ساتھ مجوزہ مذاکرات میں شرکت اسی صورت ممکن ہوگی جب لبنان میں فوری طور پر جنگ بندی بحال کی جائے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ایران کے اس سخت مؤقف کے بعد خلیجی خطے میں صورتحال مزید کشیدہ ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ عالمی سطح پر توانائی سپلائی اور امن و استحکام پر بھی اس کے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔



