غزہ کی مسجد اور اسکول پر اسرائیل کی بمباری۔ 24 شہید اور 93 زخمی

نئی دہلی: اسرائیل اور ایران کے درمیان جنگ کی بڑھتی ہوئی صورتحال کے درمیان اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطین سے لے کر لبنان اور یمن تک مسلسل حملے کئے جارہے ہیں۔ غزہ میں حماس سے لے کر لبنان میں حزب اللہ اور یمن میں حوثیوں پر اسرائیلی فوج نے بمباری کی ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق اسرائیل نے ایک بار پھر غزہ میں فضائی حملہ کیا ہے جس میں غزہ کے اسکول اور مسجد کو نشانہ بنایا گیا اس حملے میں 24 افراد شہید جب کہ 93 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
غزہ کے سرکاری میڈیا کے مطابق اسرائیلی فورسز نے اتوار کی صبح غزہ کی پٹی میں بے گھر افراد کو پناہ دینے والے ایک مسجد اور ایک اسکول کو نشانہ بنایا۔ اسرائیلی فضائی حملوں میں کم از کم 24 افراد ہلاک اور 93 زخمی ہو گئے۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے "حماس کے دہشت گردوں پر عین مطابق حملے” کیے جو دیر البلاح میں ابن رشد اسکول اور شہدا الاقصیٰ مسجد میں واقع کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹرز کے اندر کام کر رہے تھے۔
اطلاعات کے مطابق اسرائیل نے لبنان میں اپنے حملے تیز کر دیے ہیں۔ اسرائیلی دفاعی افواج کا کہنا ہے کہ جاری زمینی کارروائیوں کے دوران اب تک حزب اللہ کے 400 سے زائد دہشت گرد مارے جا چکے ہیں۔