انٹر نیشنل

اسرائیلی وزیر اعظم کے قتل کی افواہوں پر نتین یاہو کا نیا ویڈیو جاری — کیفے میں کافی پیتے ہوئے طنزیہ ردعمل

اسرائیل کے وزیر اعظم نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اپنی ہلاکت کی افواہوں کے بعد ایک ویڈیو جاری کیا جس میں وہ ایک کیفے میں کافی آرڈر کرتے ہوئے نظر آئے اور ان افواہوں پر طنزیہ انداز میں ردعمل دیا۔

 

ویڈیو میں انہوں نے مذاق کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں مر چکا ہوں… کافی کے لئے۔‘‘  انہوں نے مزید کہا کہ ’’میں اپنے لوگوں کے لیے مر مٹنے کو تیار ہوں۔ ان کا حوصلہ واقعی قابلِ تعریف ہے۔‘‘

 

ویڈیو کے دوران انہوں نے اپنے دونوں ہاتھ کیمرے کے سامنے دکھاتے ہوئے کہا کہ ’’کیا آپ میری انگلیاں گننا چاہتے ہیں؟ یہاں بھی ہیں اور یہاں بھی، دیکھیں بالکل ٹھیک ہیں۔‘‘ دراصل سوشل میڈیا پر بعض پوسٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ان کی ایک پریس کانفرنس کی ویڈیو میں ایک ہاتھ میں چھ انگلیاں نظر آرہی تھیں اور یہ ویڈیو مصنوعی ذہانت سے تیار کی گئی ہے۔

 

اسرائیلی شہریوں کے نام اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ لوگ تازہ ہوا لینے کے لئے باہر نکلیں لیکن محفوظ پناہ گاہوں کے قریب رہیں اور حکام کی ہدایات پر عمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا حوصلہ حکومت، فوج اور خفیہ اداروں کو طاقت دیتا ہے اور ایران کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔

 

دوسری جانب ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے ایک بیان میں کہا کہ اگر وزیر اعظم زندہ ہیں تو انہیں تلاش کرکے ہلاک کرنے کی کوشش جاری رکھی جائے گی۔

 

یہ پیش رفت ایسے وقت سامنے آئی ہے جب اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری جنگ کو سولہ دن ہو چکے ہیں۔ کشیدگی اس وقت بڑھی جب امریکہ اور اسرائیل نے گزشتہ ماہ ایران پر مشترکہ حملے کئے جس کے بعد مشرق وسطیٰ میں تنازع مزید شدت اختیار کرگیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button