غزہ پر اسرائیل کا تازہ حملہ 19 فلسطینی شہید

نئی دہلی: غزہ پٹی مختلف علاقوں میں اسرائیلی حملوں میں کم از کم 19 فلسطینی شہید ہو گئے۔ یہ اطلاع غزہ سول ڈیفنس نے دی ہے۔شہری دفاع کے ترجمان محمود باسل نے بتایا کہ غزہ شہر کے شمال مشرق میں الطفاح میں حسونہ خاندان کے گھر کو نشانہ بنانے والے اسرائیلی فضائی حملے میں بچوں اور خواتین سمیت 10 افراد شہید ہو ئے۔
غزہ پٹی کے شمال میں جبالیہ کے علاقے میں اسرائیلی فوج نے تین افراد کو شہید اور دیگر کو زخمی کر دیا۔ غزہ پٹی کے جنوبی علاقے خان یونس میں اسرائیلی ڈرون حملوں میں دو بچوں سمیت کم از کم پانچ افراد شہید ہو ئے۔ باسل نے کہا کہ ایک اسرائیلی طیارے نے وسطی شہر نصیرات میں بے گھر لوگوں میں خوراک تقسیم کرنے والے ایک خیمے کو نشانہ بنایا جس میں ایک فلسطینی شہید ہوا۔
فلسطینی سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ آج صبح سے غزہ سٹی کے مشرقی علاقوں، بیت حنون اور شمالی غزہ پٹی کے بیت لاحیہ علاقوں پر اسرائیلی توپ خانے کی گولہ باری جاری ہے۔
اس دوران حماس کے مسلح ونگ القسام بریگیڈز نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس کے ارکان نے غزہ شہر کے مشرق میں واقع الوفا اسپتال کے قریب تین اسرائیلی مرکوا 4 ٹینکوں کو نشانہ بنایا۔ اسرائیلی فوج نے ابھی تک ان حملوں پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ میں کم از کم 25 افراد شہیداور 89 دیگر زخمی ہوئے۔
تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق اسرائیل کی جانب سے غزہ پر دوبارہ جارحیت شروع کرنے کے بعد سے ہلاکتوں کی تعداد 1,652 ہو گئی ہے اور اکتوبر 2023 میں جنگ شروع ہونے کے بعد سے اب تک ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 51,025 تک پہنچ گئی ہے۔