میٹا کی سرویس متاثر۔ فیس بک اور انسٹاگرام صارفین پریشان

نئی دہلی: دنیا کی معروف سوشل میڈیا کمپنی میٹا کی خدمات میں اچانک تکنیکی خرابی کے باعث دنیا بھر میں عارضی خلل پیدا ہو گیا۔ میٹا کے زیرِ انتظام پلیٹ فارمز فیس بک، انسٹاگرام اور فیس بک میسنجر کی سروسز متاثر ہونے سے لاکھوں صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
صارفین نے شکایت کی کہ فیس بک اور انسٹاگرام کی فیڈ لوڈ نہیں ہو رہی، نئے پیغامات ارسال کرنے میں دشواری پیش آ رہی ہے اور دیگر تکنیکی مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ خاص طور پر ڈیسک ٹاپ براؤزر کے ذریعے اکاؤنٹس میں لاگ اِن ہونے کی کوشش کرنے والے صارفین زیادہ متاثر ہوئے۔
اس دوران تصاویر اور ویڈیوز اپ لوڈ کرنے کی سہولت بھی متاثر رہی۔ میسنجر پر پیغامات بھیجنے کی کوشش کرنے والے بعض صارفین کو اکاؤنٹ عارضی طور پر معطل کیے جانے سے متعلق پیغامات موصول ہوئے جس کے بعد صارفین نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی ناراضگی اور تشویش کا اظہار کیا۔
مانیٹرنگ ویب سائٹ ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق بھارت کے علاوہ کینیڈا، برطانیہ، ترکیہ، متحدہ عرب امارات سمیت دنیا کے کئی ممالک میں بھی میٹا کی سروسز متاثر ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں تاہم اس بڑے تکنیکی خلل کی
اصل وجہ کے بارے میں میٹا کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ وضاحت جاری نہیں کی گئی ہے۔



