انوکھی رسم.. بارش کے لیے گدھوں کی شادی

حیدرآباد: بارش نہ ہونے کی وجہہ سے ملک کی کئی ریاستوں میں خشک سالی جیسی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ اس پس منظر میں مختلف علاقوں میں اچھی بارش کے لیے دیوتاؤں کی پوجا شروع کر دی گئی ہے جبکہ کچھ مقامات پر عجیب و غریب روایات بھی اپنائی جا رہی ہیں۔
تازہ واقعہ آندھرا پردیش کے رائل سیما علاقے کے خشک سالی سے متاثرہ ضلع اننت پور میں پیش آیا جہاں ایک منفرد روایت کے تحت گاؤں والوں نے بارش کیلئے پرارتھنا کرتے ہوئے دو گدھوں کی باقاعدہ شادی کروا دی۔کلیان دُرگ منڈل کے کرل پلی گاؤں میں زیادہ بارش کی خواہش کے ساتھ مقامی افراد نے دو گدھوں کو دولہا اور دلہن کی طرح سجایا۔
اس کے بعد ڈھول کی تھاپ کے ساتھ گاؤں میں ان کی شاندار بارات نکالی گئی۔بعد ازاں ویدک منتروں کے درمیان گدھی کو منگل سوتر پہنایا گیا آرتی اتاری گئی اور شادی کی تمام رسومات مکمل کی گئیں۔شادی کی رسم انجام دینے کے بعد اس جوڑے پر پانی چھڑک کر بارش کے لیے خصوصی پوجا بھی کی گئی۔
اس تقریب کی ویڈیو اس وقت سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔گاؤں والوں کا ماننا ہے کہ ماضی میں بھی جب گاؤں میں شدید خشک سالی ہوئی تھی تو اسی طرح گدھوں کی شادی کروانے کے بعد ورون دیو کی کرپا سے زبردست بارش ہوئی تھی۔
ان کا یقین ہے کہ اس بار بھی یہی روایت بارش کا سبب بنے گی۔



