نعیم قاسم حزب اللہ کے نئے سربراہ۔ اسرائیل نے ان کو بھی شہید کرنے کی دی دھمکی

نئی دہلی: حزب اللہ نے حسن نصر اللہ کی شہادت کے ایک ماہ بعد قائم مقام سربراہ نعیم قاسم کو اب باقاعدہ سربراہ منتخب کرلیا ہے۔ نعیم قاسم طویل عرصے تک حسن نصر اللہ کے نائب رہے اور حسن نصراللہ کی شہادت کے بعد انہیں تنظیم کا قائم مقام سربراہ مقرر کیا گیا تھا جب کہ وہ اس سے قبل حزب اللہ شوریٰ کمیٹی کےمسلسل 3مرتبہ رکن رہ چکےہیں۔
حسن نصر اللہ کی شہادت کے بعد ان کے خالہ زاد بھائی اورداماد ہاشم صفی الدین کو حزب اللہ کا سربراہ منتخب کیے جانے کا قوی امکان تھا مگر صفی الدین بھی کچھ دن قبل ایک اسرائیلی حملے میں شہید ہوگئے تھے۔واضح رہے کہ طویل عرصے تک حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل اور سربراہ رہنے والے حسن نصراللہ گزشتہ ماہ اسرائیلی حملے میں شہید ہوگئے تھے۔حزب اللہ کی جانب سے نعیم قاسم کی حزب اللہ کے سربراہ کے طور پر تقرری کے اعلان کے بعد اسرائیلی وزیر دفاع یواف گیلانٹ نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر بیان جاری کیا۔اپنے بیان میں انہوں نے نعیم قاسم کی تصویر شیئر کرتے
ہوئے کیپشن میں لکھا کہ یہ عارضی تقرری ہے اور زیادہ عرصے کے لیے نہیں ہے۔اسرائیلی وزیر دفاع نے ایسا ہی ایک بیان عبرانی زبان میں بھی جاری کیا جس میں لکھا کہ یہ تقرری عارضی ہے اور الٹی گنتی شروع ہوچکی ہے۔