انٹر نیشنل

عمرہ زائرین کی تعداد ریکارڈ ایک کروڑ 35 لاکھ تک پہنچ گئی، سعودی وزیر حج

ریاض ۔ کے این واصف

“حج و عمرہ کانفرنس 2024 “ کے افتتاحی اجلاس خطاب کرتے ہوئے سعودی وزیرِ حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا ہے کہ حج 2024 کے دوران 35 سے زیادہ کمپنیاں زائرین کی خدمات انجام دین۔ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے مزید کہا کہ کانفرنس میں 80 سے زیادہ ملکوں کے وزرا اور عہدیدار شریک ہیں۔ ہندوستان سمیت تمام شریک ممالک کے ساتھ حج انتظامات کے حوالے سے معاہدے ہوگئے ہیں۔

 

سعودی وزیر حج کا کہنا تھا ’مشاعر مقدسہ (منیٰ، مزدلفہ اور عرفات) میں نیا انفرا سٹرکچر قائم کرنے کے لیے پانچ ارب ریال سے زیادہ کے منصوبے متعارف کرائے ہیں۔گزشتہ سال حج و عمرہ خدمات فراہم کرنے والے 40 ہزار سے زیادہ اہلکاروں کو ٹریننگ دی گئی جبکہ اس سال ایک لاکھ بیس ہزار سے زیادہ اہلکاروں کو ٹریننگ دی جا رہی ہے۔ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا وزارت ان ممالک سے آنے والے عازمین کی خدمت بھی کر رہی ہے جن کے مملکت میں حج مشن نہیں ہیں۔

 

وزارت نے حج پورٹل کے ذریعے گزشتہ سال 67 ممالک کو سہولت دی تھی۔ اس سال حج پورٹل کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔ 126 ملکوں کو کم لاگت پر معیاری خدمات براہ راست فراہم ہوں گی۔ عمرہ زائرین کی آمد کو آسان بنانے کے لیے 200 سے زیادہ نئے اقدامات کیے ہیں جبکہ تمام خلیجی ممالک میں مقیم غیرملکیوں کو سعودی عرب آنے اور عمرہ کرنے کے لیے ای ویزے کی سہولت دی گئی ہے۔

 

اس سال سہولتوں میں اضافے کے باعث عمرہ زائرین کی تعداد ایک کروڑ 35 لاکھ 50 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ یہ اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔ اس میں 58 فیصد اضافہ ہوا۔ تقریباً پچاس لاکھ زیادہ عمرہ زائرین آئے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button