نیشنل

کرناٹک میں کانگریس نےجاری کیاانتخابی منشور۔ مسلمانوں کے 4 فیصد تحفظات بحال کرنے کا وعدہ

نفرت پھیلانےوالی تنظیموں کےخلاف سخت کاروائی کرنے کا وعدہ

بنگلورو۔کرناٹک اسمبلی انتخابات کے لئے کانگریس پارٹی نے اپنا انتخابی منشور جاری کر دیا ہے۔ کانگریس نے 10 مئی کو ہونے والے انتخابات سے عین قبل جاری کردہ اپنے منشور میں پارٹی کی قراردادوں کو عوام کے سامنے رکھا۔ کانگریس کی جانب سے پارٹی صدر نے ایک قراردادی مکتوب جاری کرتے ہوئے کہا کہ فرقہ پرست اور نفرت انگیز تنظیموں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ اس موقع پر پارٹی صدر ملکارجن کھرگے کے علاوہ سابق چیف منسٹر اور اپوزیشن لیڈر سدارامیا، پارٹی کے ریاستی صدر ڈی کے شیوکمارکےعلاوہ دیگر سینئرقائدین موجود تھے۔اپنے منشور میں، کانگریس نے ممنوعہ اسلامی تنظیم پاپولر فرنٹ آف انڈیا (PFI) کا موازنہ سنگھ سے منسلک وشو ہندو پریشد کی یوتھ ونگ بجرنگ دل سے کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایسی تنظیموں پر پابندی لگائے گی جو دشمنی یا نفرت کو فروغ دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر پارٹی ریاست میں اقتدار میں آتی ہے تو نفرت انگیز تنظیموں پر پابندی سمیت قانون کے مطابق فیصلہ کن کارروائی کی جائے گی۔ اس میں کہا گیا کہ کانگریس پارٹی ایسے افراد اور تنظیموں کے خلاف سخت اور فیصلہ کن کارروائی کرنے کے لیے پرعزم ہے جو ذات پات یا مذہب کی بنیاد پر برادریوں کے درمیان نفرت پھیلاتے ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ قانون اور آئین مقدس ہیں۔ بجرنگ دل اور پی ایف آئی جیسی تنظیمیں اس کی خلاف ورزی نہیں کر سکتیں۔

کانگریس نے منشور میں کئی اسکیموں کا اعلان کیا۔ انہوں نے گروہا جیوتی یوجنا کے تحت سبھی کو 200 یونٹ مفت بجلی فراہم کرنے کا وعدہ کیا۔ ساتھ ہی انا بھاگیہ یوجنا پر بھی تذکرہ کیاگیاہے۔ کہا گیا کہ اس اسکیم کے تحت بی پی ایل خاندان کے ہر فرد کو اس کی پسند کا 10 کلو اناج دیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی گروہا لکشمی یوجنا کے حوالے سے کہا گیا کہ خاندان کی ہر خاتون سربراہ کو ہر ماہ دو ہزار روپے دیے جائیں گے۔
یہی نہیں خواتین کے لیے بس کا سفر مفت کرنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ منشور میں کہا گیا ہے کہ شکتی اسکیم کے تحت تمام خواتین کے لئے کےایس آرٹی سی اوربی ایم ٹی سی کی بسوں میں سفر مفت کیا جائے گا۔ ساتھ ہی بے روزگار نوجوانوں کو بھی ذہن میں رکھا گیا ہے۔ اس میں انہوں نے یووا ندھی یوجنا کے تحت بے روزگار گریجویٹس کو 2 سال تک 3000 روپے ماہانہ اور بے روزگار ڈپلومہ ہولڈرز کو 1500 روپے ماہانہ دینے کا اعلان کیا ہے۔

انتخابی منشورمیں مسلمانوں کے4فیصدریزرویشن کوبحال کرنےکےعلاوہ اقلیتوں کی فلاح وبہبوداوراورانکی عبادت گاہوں کی جدیدکاری وتوسیع کےلئے سالانہ 10ہزارکروڑروپئےفراہم کرنےکابھی وعدہ کیاگیاہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button