جنرل نیوز

شادی مبارک اسکیم سے استفادہ اور بچپن کی شادیوں کی روک تھام کے لئے اہم اطلاع ۔ ضلع صدر قاضی

عادل آباد۔22/جون(اردو لیکس)ضلع صدر قاضی عادل آباد قاضی سید ندیم الدین نے میونسپل وائس چیئرمین ظہیر رمضانی اور نائب قاضیوں(قاری النکاح)کے ہمراہ آج پریس کلب میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شہریان عادل آباد کو اطلاع دی ہے کہ وہ اپنی بچیوں کی شادی طے ہونے کہ بعد نکاح کی تاریخ سے ایک ماہ قبل ضروری دستاویزات کے ذریعے شادی مبارک اسکیم سے استفادہ کے لئے "می سیوا” سنٹر میں آن لائن درخواست داخل کریں۔

 

تاکہ متعلقہ افسران کو تحقیقات کرنے میں آسانی ہو۔اور ایسا کرنے سے ضروری دستاویزات تیار کرنے میں مدد ملتی ہے۔اور نکاح کے وقت مشکلات کا سامنا کرنا نہیں پڑے گا۔انہوں نے اس بات کی بھی وضاحت کی ہے کہ عام طور پر نکاح سے متعلق عین وقت نائب قاضیوں کو نکاح کی اطلاع دی جاتی ہے جس کے سبب دستاویزات درست نہ ہونے پر دشواریوں کا سامنا رہتا ہے۔قاضی سید ندیم الدین نے درست دستاویزات اور ایک ماہ قبل آن لائن کیا ہوا فارم ایک ہفتہ قبل نائب قاضیوں کے حوالے کرنے کا مشورہ دیا۔

 

قاضی سید ندیم الدین نے بتایا کہ قانونی اعتبار سے نکاح کے وقت دلہا کی عمر 21 سال اور دلہن کی عمر 18 سال ہونی لازمی ہے۔نکاح کی تکمیل میں پائی جانے والی تکنیکی دشواریوں اور خامیوں کے ازالے کے لئے نکاح سے ایک ماہ قبل می سیوا میں آن لائن کرنے کا مشورہ دیا۔اس موقع پر میونسپل وائس چیئرمین ظہیر رمضانی نے بھی مخاطب کرتے ہوئے بتایا کہ شادی مبارک اسکیم سے استفادہ کرنے اور بچپن کی شادیوں کی روک تھام کے لئے قاضی حضرات کی جانب سے یہ قدم اٹھایا گیا ہے،جو قابل ستائش ہے۔

 

ظہیر رمضانی نے شادی مبارک اسکیم سے استفادہ کے لئے ضلع صدر قاضی عادل آباد کی جانب سے بتلائی گئی آسان تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ شادی مبارک اسکیم میں درمیانی افراد پر بھروسہ نہ کیا جائے۔ایک ماہ قبل آن لائن کرنے سے متعلقہ عہدیداران کو نکاح سے متعلق ضروری تحقیقات کرنے میں آسانی بھی ہوگی اور اس طرح بچپن کی شادیوں کی روک تھام میں مدد ملے گی اور شادی مبارک اسکیم سے استفادہ کرنے میں بھی سہولت رہے گی

 

۔اس موقع پر نائب قاضیوں میں جناب حافظ ابوبکر حامد،حافظ محمد منظور احمد،مولانا جیلانی قاسمی،مولانا احمد رمضانی،مولوی سید ساجد احمد،مولانا عبدالعزیز،مولانا فیروز خان اور دیگر موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button