اسپشل اسٹوری

چندریان 3 کی کامیابی میں تلنگانہ کے شیخ مزمل علی کی محنت بھی شامل

عادل آباد۔24 ؍اگست(اردو لیکس)ہندوستان چاند پر اترنے والا چوتھا ملک بن گیا ہے۔آپ کو بتادیں کہ متحدہ ضلع عادل آباد کے کاغذ نگر سے تعلق رکھنے والے سائنسداں شیخ مزمل علی نے اسرو میں چندرائن 3 مشن میں بہترین مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کا حصہ بنیں ہیں۔چاند کی سطح پر چندرائن 3 کی کامیاب لینڈنگ کا جہاں ملک بھر میں جشن منایا گیا وہیں اس مشن کی کامیابی میں شیخ مزمل علی کی شرکت نے بھی مسلمانان تلنگانہ کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔

 

سائنسداں شیخ مزمل علی سے  روابط رکھنے والے صحافی عابد علی کی جانب سے حاصل کردہ تفصیلات کے علاوہ نمائندہ خصوصی اردو لیکس متحدہ ضلع عادل آباد نے بھی اسرو ٹیم کا حصہ بنے متحدہ ضلع عادل آباد کے سائنسداں شیخ مزمل علی کے والد جناب شیخ مخدوم صاحب سے بذریعہ فون بات کرتے ہوئے تفصیلات حاصل کی۔اور انہیں ان کے فرزند کی بہترین کارکردگی اور ملک ہندوستان بالخصوص ریاست تلنگانہ اور ضلع عادل آباد کا نام روشن کرنے پر مبارکباد پیش کی

 

۔واضح رہے کہ کاغذ نگر کے متوطن شیخ مخدوم علی، معلم منڈل پریشد پرائمری اردو اسکول لکھارام منڈل اوٹنور کے فرزند شیخ مزمل علی بھی اسرو ٹیم کا حصہ تھے جنہوں نے بروز چہارشنبہ چندرائن 3 کو کامیابی کے ساتھ چاند کی سطح پر اتارنے میں کامیابی حاصل کی۔ان کی اس مشن میں شرکت قابل فخر کی بات سمجھی جارہی ہے۔چندرائن 3 کی کامیابی کے ساتھ ہی مسلمانان لکھارم کی جانب سے شیخ مخدوم علی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے مٹھائیاں کھلائی گئیں

 

اور ان کے سائنسداں فرزند کی چندرائن مشن میں شمولیت پر انہیں مبارکبادی دیتے ہوئے کامیابی پر جشن منایا گیا۔اسرو کے سائنسداں شیخ مزمل علی کے والد محترم شیخ مخدوم علی نے نمائندہ خصوصی اردو لیکس سے بات کرتے ہوئے اپنے فرزند کی بہترین کارکردگی پر مسرت کا اظہار کیا اور خوب دعاؤں سے نوازا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے فرزند نے چندرائن 3 مشن کو کامیابی سے ہمکنار کرنے والی ٹیم کا حصہ رہتے ہوئے ملک اور قوم کا نام بلند کیا ہے

 

۔انہوں نے اللہ تعالی سے دعا کی کہ وہ اسے مزید ترقی عطا کرے اور وہ مستقبل میں بھی اسی طرح ہندوستان کا نام روشن کرتا رہے۔نوجوانوں کو شیخ مزمل علی کی زندگی سے سبق حاصل کرتے ہوئے اعلیٰ تعلیم حاصل کرتے ہوئے انہیں بھی ترقی کی منازل طئے کرنا چاہئے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button