بریکنگ نیوز۔ مہاراشٹرا میں انکاؤنٹر 12 ماؤ نواز ہلاک

ممبئی ۔ ریاست مہاراشٹرا کے گڑ چرولی میں پولیس اور ماؤ نوازوں کے درمیان فائرنگ اور جوابی فائرنگ کا تبادلہ عمل میں آیا۔ فائرنگ میں 12 ماؤ نوازوں کے ہلاک ہونے کی عہدیداروں نے تصدیق کی ہے۔ چھتیس گڑھ کے سرحدی علاقہ کے موضع ونڈولی کے قریب
12 تا 15 ماؤ نوازوں کی موجودگی کی اطلاع پر آج صبح 10 بجے سے ڈپٹی ایس پی کی قیادت میں پولیس کی جانب سے تلاشی مہم شروع کی گئی۔ اس دوران پولیس اور ماؤ نوازوں کے درمیان آج دوپہر فائرنگ کا تبادلہ عمل میں آیا۔ تقریباً آدھے گھنٹے تک فائرنگ ہوئی جس میں ابھی تک 12 ماو نواز ہلاک ہو گئے ہیں۔ پولیس کو مقام واقعہ سے تین اے کے 47 کے علاوہ دیگر اسلحہ اور دھماکو اشیاء برآمد ہوئی۔
مہلوکین میں تپا گڑھ دلم کا انچارج ڈی وی سی ایم لکشمن اترم عرف وشال اترم بھی شامل ہے۔ بقیہ ماؤ نوازوں کی شناخت فوری طور پر نہیں ہو سکی۔ مرنے والوں میں دو ماو نوازوں کا تعلق تلگو ریاست سے بتایا گیا ہے۔ انکاؤنٹر میں ایک جوان بھی بندوق کی گولی سے زخمی ہو گیا اسے علاج کے لیے ناگپور کے ہاسپٹل منتقل کر دیا گیا۔