مندر میں آتشبازی کے دوران دھماکہ 150 زخمی۔ کیرالہ میں واقعہ

حیدرآباد: ریاست کیرالہ کے ضلع کاسرگوڈ کے نیلیشورم کے قریب واقع ایک مندر میں دھماکہ ہوا جہاں دیوالی کی تقریبات کے دوران آتش بازی کی گئی۔ آتش بازی کے دوران ایک بڑا دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 150 سے زائد لوگ زخمی ہوئے، جن میں سے آٹھ کی حالت تشویشناک ہے۔
مقامی لوگوں کے مطابق آتش بازی کے مقام پر جب پٹاخے پھٹے تو چنگاریوں کی وجہ سے آگ لگ گئی، جو زبردست دھماکے کا باعث بنی۔ زخمیوں میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔ضلع انتظامیہ کے اعلیٰ حکام، بشمول کلکٹر اور ضلع پولیس سربراہ فوراً موقع پر پہنچ گئے۔ نیلیشورم پولیس نے واقعہ کی تحقیقات شروع کی ہیں اور مندر کے سکریٹری اور صدر سمیت تمام عہدیداروں کو حراست میں لے لیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ آتش بازی بغیر کسی اجازت کے کی گئی تھی اور حفاظتی معیارات کا بھی خیال نہیں رکھا گیا، جس کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔