جنرل نیوز

بزمِ ایوانِ غزل کی ماہانہ طرحی نشست منعقد

سعادت گنج ،بارہ بنکی(ابوشحمہ انصاری)”بزمِ ایوانِ غزل” کی ماہانہ طرحی نشست آئیڈیل انٹر کالج محمد پور باہوں کے وسیع ہال میں کہنہ مشق شاعراسلم سیدنپوری کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ اس طرحی نشست کی نظامت کے فرائض سحر ایوبی نے انجام فرمائے، نشست کا آغاز ارشد عمیر صفدر گنجوی نے نعتِ رسولﷺ سے کیا اس کے بعد دئے گئے مصرع

"وہ دل کے زخم کو بھرنے نہ دے گا”

پر باقاعدہ نشست کی ابتداء ہوئی نشست بے انتہا کامیاب رہی بہت زیادہ پسند کئے گئے اشعار کا انتخاب نذرِ قارئین ہے ملاحظہ فرمائیں ۔

اگر انسانیت ہے آدمی میں

ضمیر اپنا کبھی مرنے نہ دے گا

اسلم سیدنپوری

فنا جب تک نہ ہوگی دنیا جاناں

قلم میرا تجھے مرنے نہ دے گا

ذکی طارق بارہ بنکوی

دلوں میں بھر کے تیزاب عداوت

محبت کے وہ گل کھلنے نہ دے گا

علی بارہ بنکوی

جو چاہوں اور کسی سے پیار کولوں

تو میرا دل مجھے کرنے نہ دے گا

آفتاب جامی

ہمارا عزم طوفاں بن گیا ہے

کسی کا بھی دیا جلنے نہ دےگا

مشتاق بزمی

بٹھا کر پیار پر پہرے ہمارے

زمانہ دل سے دل ملنے نہ دے گا

سحر ایوبی

محبت غیر سے کرنے نہ دے گا

وہ اپنے پیار کو مرنے نہ دے گا

عبیدہ ایوبی صفدرگنجوی

مرے دشمن لگا لے زور سارا

مرا مولا مجھے گرنے نہ دے گا

ارشد عمیر

ترا غم اب مجھے جینے نہ دے گا

جو مرنا چاہوں تو مرنے نہ دے گا

ابوذر انصاری

ان شعراء کے علاوہ بدرالدجٰی بدر فیضانی، صغیر قاسمی، مصباح رحمانی، اظہار حیات اور ماسٹر راشد انصاری وغیرہ نے بھی اپنا اپنا طرحی کلام پیش کیا سامعین میں ماسٹر محمد وسیم ، ماسٹر محمد قسیم ، ماسٹر محمد حلیم ، محمد سفیان اعطاق، ماسٹر راشد انصاری صاحبان کے نام بھی قابلِ ذکر ہیں۔بزمِ ایوانِ غزل کی آئندہ ماہانہ طرحی نشست درج ذیل مصرع پر بتاریخ 25/ جون بروز اتوار ہوگی ۔

"یہ جا کے اس سے بتا دو کہ بھول جائے ہمیں”

قافیہ:- "جائے”

دریف:- "ہمیں”

متعلقہ خبریں

Back to top button