وضو کے دوران 42 سالہ شخص کی اچانک موت – سہارنپور کی مسجد میں پیش آیا واقعہ
سہارنپور: اترپردیش کے ضلع سہارنپور میں نماز سے قبل مسجد میں وضو کرتے ہوئے ایک 42 سالہ شخص اچانک گر پڑا اور اس کی موت ہوگئی۔ مہلوک کی شناخت بڈّھاکھیڑا گاؤں کے رہنے والے شرافت کی حیثیت سے کی گئی ہے، جو مزدوری کرکے اپنے خاندان کی کفالت کرتے تھے۔ شبہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ انہیں دل کا دورہ پڑا تھا۔ یہ واقعہ پانچ دن قبل پیش آیا، اور تاخیر سے اس کا سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آیا۔
تفصیلات کے مطابق گنگوہ پولیس اسٹیشن کے حدود میں واقع مسلم اکثریتی گاؤں بڈّھاکھیڑا کی مسجد میں ظہر کی نماز کی تیاریاں جاری تھیں۔ دوپہر تقریباً 12 بجے شرافت نماز ادا کرنے کے لیے مسجد پہنچے اور وضو کررہے تھے کہ اچانک پیچھے کی جانب گر پڑے۔ ابتدائی طور پر وہاں موجود افراد کو کچھ سمجھ نہیں آیا۔ بعدازاں سرخ قمیص اور کالی پتلون پہنے ایک نوجوان نے انہیں اٹھانے اور سنبھالنے کی کوشش کی۔ تقریباً 41 سیکنڈ بعد دیگر افراد بھی وہاں پہنچ گئے۔
شرافت کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے معائنہ کے بعد انہیں مردہ قرار دے دیا۔ دل کا دورہ پڑنے کا شبہ ظاہر کیا جارہا ہے، تاہم موت کی اصل وجہ کی باضابطہ تصدیق نہیں ہوئی ہے۔
گاؤں کے سرپنچ ہریش چودھری نے بتایا کہ شرافت چھ بھائیوں میں سب سے بڑے تھے اور مزدوری کرکے اپنے خاندان کی کفالت کرتے تھے۔ ان کے پسماندگان میں ایک بیٹی اور ایک بیٹا شامل ہیں۔ خاندان کی ذمہ داری سنبھالنے والے شرافت کی اچانک موت سے افراد خاندان پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا۔
شرافت کو گاؤں کے قبرستان میں سپردِ خاک کردیا گیا۔ افراد خاندان نے پوسٹ مارٹم نہیں کروایا۔



