نیشنل

گجرات 12 گھنٹوں میں زلزلے کے 9 جھٹکے

نئی دہلی: ریاست گجرات کے راجکوٹ ضلع کے بعض علاقوں میں جمعرات کی شام سے جمعہ کی علی الصبح تک یکے بعد دیگرے زلزلوں کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ریکٹر اسکیل پر یہ تمام زلزلے ’مائیکرو‘ یا ’معمولی‘ درجے کے تھے اور کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔

 

محض 12 گھنٹوں کے دوران مجموعی طور پر 9 جھٹکے ریکارڈ کیے گئے۔ پہلا زلزلہ جمعرات کی رات 8:43 بجے محسوس کیا گیا جبکہ آخری جھٹکا جمعہ کی صبح 8:34 بجے درج ہوا۔زلزلوں کی شدت میں معمولی فرق دیکھا گیا، جن میں سب سے طاقتور جھٹکے کی شدت 3.8 ریکارڈ کی گئی۔

 

ریکٹر اسکیل پر ایک سے کم سے لے کر 2.9 شدت تک کے زلزلے ’مائیکرو‘ زمرے میں آتے ہیں، جبکہ 3.0 سے 3.9 شدت کے زلزلے ’معمولی‘ درجے میں شمار کیے جاتے ہیں۔ان 9 زلزلوں میں سے 4 کی شدت ریکٹر اسکیل پر 3 سے زیادہ رہی جبکہ سب سے کمزور جھٹکا 2.7 شدت کا تھا۔

 

بعض نسبتاً طاقتور جھٹکوں کے بعد راجکوٹ ضلع کے کچھ علاقوں میں لوگ خوف کے باعث اپنے گھروں سے باہر نکل آئے۔تمام زلزلوں کا مرکز اپلیٹا سے 27 سے 30 کلومیٹر شمال مغرب میں واقع تھا۔ عام طور پر گجرات میں کَچھ علاقہ اس نوعیت کی زلزلہ خیز سرگرمیوں کے لیے جانا جاتا ہے

 

تاہم راجکوٹ میں اس طرح یکے بعد دیگرے جھٹکوں کا آنا غیر معمولی سمجھا جا رہا ہے۔گاندھی نگر میں واقع انسٹی ٹیوٹ آف سیسمولوجیکل ریسرچ کے عہدیداروں کے مطابق 4 سے کم شدت کے زلزلے عام طور پر تشویش کا باعث نہیں ہوتے۔ تاہم اتنے کم وقت میں اس تعداد میں زلزلوں کا آنا ایک ایسا پہلو ہے جس کی جانچ ضروری ہے۔

 

ماہرین نے مزید کہا کہ اگرچہ راجکوٹ کا متاثرہ علاقہ کسی معروف فالٹ لائن پر واقع نہیں ہے، لیکن مانسون کے بعد اس طرح کی زلزلہ خیز سرگرمیاں مکمل طور پر غیر معمولی بھی نہیں ہوتیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button