مودی سے فون پر گفتگو کے بعد ٹرمپ کا بڑا اعلان، بھارت پر امریکی ٹیریف میں نمایاں کمی

نئی دہلی: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت کے لیے ایک اچھی خبر سنائی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا ہے کہ بھارت پر عائد کیے جانے والے ٹیرف (درآمدی محصولات) کو 25 فیصد سے کم کرکے 18 فیصد کیا جا رہا ہے۔
اس حوالے سے انہوں نے اپنے ذاتی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ بھی کی ہے۔واضح رہے کہ آج ہی وزیر اعظم مودی اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان فون پر بات چیت ہوئی تھی۔ اس کے کچھ ہی دیر بعد ٹیرف میں کمی کے اعلان کو خاص اہمیت دی جا رہی ہے
۔ قابل ذکر ہے کہ روس سے خام تیل خریدنے کے معاملے پر بھارت پر دباؤ ڈالنے کے لیے ٹرمپ حکومت کی جانب سے اضافی محصولات عائد کیے گئے تھے۔ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا“آج میری بھارت کے وزیر اعظم مودی سے بات ہوئی۔ وہ میرے قریبی دوستوں میں سے ایک ہیں۔ ایک مضبوط رہنما ہیں۔ ہم نے تجارت، یوکرین-روس جنگ سمیت کئی امور پر بات چیت کی
۔ مودی نے روس سے تیل کی خریداری روکنے اور امریکہ اور وینزویلا سے زیادہ تیل خریدنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ اسی تناظر میں ہم نے امریکہ اور بھارت کے درمیان ایک تجارتی معاہدے پر اتفاق کیا ہے، جو فوری طور پر نافذ ہوگا۔
اس کے تحت امریکہ کی جانب سے عائد کیے جانے والے جوابی محصولات 25 فیصد سے کم کرکے 18 فیصد کر دیے جائیں گے۔اس کے علاوہ بھارت امریکہ پر عائد تمام محصولات مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے بھی آگے آئے گا۔
وزیر اعظم مودی نے اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ بھارت تقریباً 500 ارب ڈالر سے زائد مالیت کی توانائی، ٹیکنالوجی، زرعی مصنوعات، کوئلہ اور دیگر اشیاء خریدے گا۔ بھارت کے ساتھ تعلقات مستقبل میں مزید مضبوط ہوں گے۔”تاہم روس سے خام تیل کی خریداری روکنے کے حوالے سے بھارت کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا ہے۔



