احمد آباد ایر انڈیا حادثہ۔ 12 برطانوی شہریوں کو غلط نعشیں دینے کا انکشاف

نئی دہلی: اایک رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ احمد آباد طیارہ حادثہ میں ہلاک کم از کم 12 افراد کی ایسی نعشیں متاثرہ برطانوی خاندانوں کو سونپ دی گئیں جو کہ ان کے رشتہ داروں کی نہیں تھیں۔
یہ انکشاف لندن میں متاثرہ خاندان کی قانونی پیروی کرنے والے وکیلوں کیا۔ان کا دعویٰ ہے کہ جب ان نعشوں کی لندن میں جانچ کرائی گئی تو پتہ چلا کہ یہ دوسروں کی نعشیں ہیں۔ اس معاملے میں اب تک ایئر انڈیا کی طرف سے کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا ہے۔ غور کرنے والی بات یہ بھی ہے کہ کئی برطانوی متاثرہ خاندان تو ہنوز اپنے ہلاک رشتہ داروں کی نعشوں کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ احمد آباد طیارہ حادثہ میں تقریباً 52 برطانوی شہری ہلاک ہوئے تھے۔ چونکہ حادثہ خوفناک تھا اس لیے نعشوں کی شناخت بہت مشکل ہو گئی تھی۔ آخر میں ڈی این اے جانچ کے ذریعہ نعشوں کی پہچان کی گئی۔ اس کے بعد انھیں متاثرہ خاندانوں کے حوالہ کیا گیا۔ لندن میں جب متاثرہ کنبوں نے ملی لاشوں کی دوبارہ جانچ کی تو وہ حیران رہ گئے۔
ایسا کم از کم 12 نعشوں کے ساتھ ہوا۔ جانچ میں نعش بدلے جانے کی بات سامنے آنے کے بعد کئی خاندانوں نے آخری رسومات بھی منسوخ کردی۔حادثہ میں متاثر ہوئے برطانوی خاندانوں کی نمائندگی کرنے والے وکیل جیمس ہیلی پریٹ نے ’ڈیلی میل‘ سے بات چیت میں بتایا کہ کم از کم 12 برطانوی شہریوں کی نعشوں کے باقیات واپس بھیج دیے گئے ہیں۔
یہ لوگ صرف اپنے اہل خانہ کی لاش واپس چاہتے ہیں۔ کچھ لوگوں کو نعشیں ملی بھی ہیں لیکن وہ ان کے اپنوں کے ہیں ہی نہیں۔‘‘ جیمس کا کہنا ہے کہ یہ ایک بڑی لاپروائی ہے جس کی وضاحت ان کے خاندانوں سے کی جانی چاہئے۔