آندھرا پردیش کے آلوری ضلع میں خوفناک سڑک حادثہ، بس کھائی میں گرنے سے 15 افراد ہلاک – متعدد زخمی

آندھرا پردیش کے آلوری ضلع میں خوفناک سڑک حادثہ، 15 افراد ہلاک
آندھرا پردیش کے آلوری ضلع کے چنتورو گھاٹ روڈ پر ایک دلخراش حادثہ پیش آیا۔ یاتریوں سے بھری ایک پرائیویٹ ٹراویلس بس چنتورو–مارےڈومِللِی گھاٹ روڈ پر راجوگری میٹّو نامی موڑ کے قریب بے قابو ہو کر الٹ گئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے میں تقریباً 15 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقعۂ واردات پر پہنچ گئی اور ریسکیو کارروائیاں شروع کر دیں۔ زخمیوں کو بھدرآچلم کے ایریا ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔
حادثے کے وقت بس میں ڈرائیور سمیت 37 مسافر موجود تھے، جن سب کا تعلق ضلع چتّور سے بتایا جا رہا ہے۔ بس بھی چتّور ضلع کی ہی تھی۔ یہ بس ارکو سے بھدرآچلم کی طرف جا رہی تھی کہ راستے میں یہ المناک حادثہ پیش آیا۔
حادثہ اتنا سنگین تھا کہ جائے حادثہ پر مسافروں کی چیخ و پکار سے دل دہلا دینے والی صورتحال پیدا ہو گئی۔ چنتورو–مارےڈومِللِی گھاٹ روڈ پر آمدورفت مکمل طور پر رک گئی ہے۔
اس حادثے سے متعلق مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔



