28اگست کو سال کا آخری جزوی چاند گرہن

حیدرآباد: 28 اگست ، بروز جمعہ پُورنِما کے موقع پر سال 2026 کا دوسرا اور آخری جزوی چاند گرہن ہوگا۔ تاہم یہ چاند گرہن بھارت میں نظر نہیں آئے گا، کیونکہ گرہن کے وقت بیشتر علاقوں میں چاند آسمان پر موجود نہیں ہوگا۔
بھارتی معیاری وقت کے مطابق نیم سایہ گرہن صبح 6:53 بجے شروع ہوگا، جبکہ جزوی چاند گرہن صبح 8:03 بجے شروع ہوگا۔ گرہن کی عروجی کیفیت تقریباً صبح 9:43 بجے ہوگی، جزوی گرہن صبح 11:22 بجے ختم ہوگا اور نیم سایہ گرہن دوپہر تقریباً 12:32 بجے اختتام پذیر ہوگا۔
حیدرآباد میں 28 اگست کو چاند تقریباً صبح 5:56 بجے غروب ہوجائے گا، اس لیے یہاں گرہن کے کسی بھی مرحلے کا مشاہدہ ممکن نہیں ہوگا۔
یہ جزوی چاند گرہن شمالی و جنوبی امریکہ، یورپ، افریقہ، مغربی ایشیا کے بعض علاقوں اور اطراف کے سمندری علاقوں سے دیکھا جاسکے گا۔ بعض علاقوں میں گرہن مکمل طور پر جبکہ بعض مقامات پر جزوی طور پر نظر آئے گا۔



