خلیج بنگال میں سمندری طوفان کا خطرہ، تلنگانہ سمیت 9 ریاستوں میں شدید بارش کی پیش قیاسی

حیدرآباد: خلیج بنگال میں تشکیل پانے والا سمندری طوفان ’آرنَب‘ تیزی سے شدت اختیار کررہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، طوفان بدھ کی صبح باپٹلا اور وشاکھاپٹنم کے درمیان آندھرا پردیش اور یانم کے ساحل سے ٹکرا سکتا ہے۔ اس دوران ہواؤں کی رفتار 115 سے 125 کلومیٹر فی گھنٹہ رہنے اور بعض اوقات 140 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچنے کا امکان ہے۔
طوفان کے اثر سے 27 اور 28 اکتوبر کو ساحلی آندھرا پردیش اور یانم میں شدید سے انتہائی شدید بارش ہوسکتی ہے، جبکہ 29 اکتوبر کو بھی بارش کا امکان ہے۔ بدھ سے آئندہ تین تا چار دن تلنگانہ، اڈیشہ، چھتیس گڑھ، جھارکھنڈ، بہار، مغربی بنگال، ودربھ، مشرقی مدھیہ پردیش اور مشرقی اتر پردیش میں بھی شدید بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔
آندھرا پردیش ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ایم ڈی پرکھر جین نے عوام کو آئندہ تین دن محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ حکام نے ماہی گیروں اور ساحلی علاقوں کے عوام کو محکمہ موسمیات کی ہدایات پر عمل کرنے اور احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔




