نیشنل

نریندرمودی کا مندر بنانے والے بی جے پی کٹر حامی نے چھوڑ دی پارٹی

ممبئی: ریاست مہاراشٹر میں وزیراعظم نریندرمودی کا مندر بنانے والے بی جے پی کارکن نے پارٹی چھوڑ دی ہے۔ وہ سال 2021 میں اس وقت سرخیوں میں آئے جب انہوں نے وزیر اعظم مودی کے لیے ایک مندر بنایا۔ مہاراشٹر اسمبلی انتخابات سے پہلے اس طرح کی خبریں بی جے پی کے لیے مشکلات کھڑی کر سکتی ہیں۔ مانا جا رہا ہے کہ پونے بی جے پی میں ہنگامہ آرائی کے درمیان شری نمو فاؤنڈیشن کے میور منڈے نے ناراضگی ظاہر کی ہے اور بی جے پی کے ایک ایم ایل اے پر بھی الزامات لگائے ہیں۔

 

میڈیا رپورٹس کے مطابق میور منڈے نے بی جے پی کے شیواجی نگر کے ایم ایل اے سدھارتھ شرولے پر الزام لگاتے ہوئے اپنی ناراضگی ظاہر کی ہے۔ منڈے نے کہا”میں کئی سالوں سے پارٹی کے وفادار کارکن کے طور پر کام کر رہا ہوں۔ میں نے پارٹی کے لیے مختلف عہدوں پر ایمانداری سے کام کیا ہے۔ بی جے پی وفادار پارٹی کارکنوں کو نظر انداز کر رہی ہے اور دوسری سیاسی پارٹیوں میں شامل ہونے والوں کو اہمیت دے رہی ہے۔

 

شری نمو فاؤنڈیشن کے میور منڈے نے الزام لگایا کہ ایم ایل اے اپنی حمایت بڑھانے کے لیے عہدیداروں کا تقرر کر رہے ہیں اور دوسری پارٹیوں کے ارکان و قائدین کو پارٹی کے مختلف عہدے دیے جا رہے ہیں۔ منڈے نے دعوی کیاسابق عہدیداروں کی توہین کی جاتی ہے، انہیں پارٹی میٹنگ میں مدعو نہیں کیا جاتا ہے، ان کی رائے کو نظر انداز کیا جاتا ہے اور انہیں انتخابی عمل میں شامل نہیں کیا جاتا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ میں پارٹی کے تمام عہدوں سے استعفی دے رہا ہوں۔ میں پی ایم مودی کا کٹر حامی ہوں اور ان کے لیے کام کرتا ہوں، لیکن پارٹی میں ہم جیسے لوگوں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے اس لیے میں پارٹی چھوڑ رہا ہوں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button