نیشنل
مذہب نہیں بی جے پی خطرہ میں ہے: بالی ووڈ اداکار رتیش دیشمکھ

ممبئی: مہاراشٹر ا میں اسمبلی انتخابات کیلئے سیاسی جماعتوں کی جانب سے انتخابی مہم میں تیزی پیدا کردی گئی ہے۔اسی کے پیش نظر بالی ووڈ اداکار رتیش دیشمکھ نے بھی اپنے بھائی کی حمایت میں انتخابی مہم شروع کر دی ہے۔
انہوں نے اپنے بھائی دھیرج دیشمکھ کے حق میں انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ ان کے بھائی دھیرج کو کانگریس نے لاتور سے میدان میں اتارا ہے، جہاں ان کا مقابلہ بی جے پی کے رمیش کراڈ سے ہے۔ کانگریس کے حق میں انتخابی مہم کے دوران انہوں نے کہا کہ ’’لوگ (بی جے پی والے) دعویٰ کرتے ہیں کہ ان کا مذہب خطرے میں ہے۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ ان کی پارٹی خطرے میں ہے۔‘‘
اتوار کی رات کو انتخابی جلسہ سے خطاب کے دوران رتیش دیش مکھ نے یہ بیان دیا۔ انھوں نے بی جے پی پر حملہ آور رخ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ جو ایمانداری سے کام نہیں کرتے ہیں، انہیں مذہب کی ضررورت پڑتی ہے۔