چیف منسٹر چندرابابو نائیڈو کے بھائی رام مورتی نائیڈو کا انتقال

آندھراپردیش کے چیف منسٹر چندرابابو نائیڈو کے بھائی نارا رام مورتی نائیڈو کا انتقال ہوگیا۔ ہفتہ کو، حیدرآباد کے ایک پرائیویٹ ہاسپٹل میں زیر علاج رہنے کے بعد ان کا انتقال ہوا۔ بتایا گیا ہے کہ رام مورتی نائیڈو طویل عرصے سے مختلف بیماریوں میں مبتلا تھے، اور آج ان کی طبیعت مزید بگڑنے پر انھیں اے آئی جی ہاسپٹل گچی باولی میں داخل کیا گیا تھا جہاں علاج کے دوران ان کی موت ہوگئی ۔
چیف منسٹر چندرابابو نائیڈو، جو اس وقت دہلی میں موجود ہیں، امکان ہے کہ آج دوپہر 3 بجے اپنے آبائی گاؤں ناراوارِپلی پہنچیں گے۔ نارا لوکیش، جو تلنگانہ اسمبلی اجلاس میں شریک تھے، رام مورتی نائیڈو کی طبیعت خراب ہونے کی اطلاع پر فوراً حیدرآباد پہنچ گئے۔
رام مورتی نائیڈو کی وفات کی خبر نے نائیڈو خاندان کو غمزدہ کر دیا ہے۔ ٹی ڈی پی کے قائدین اور کارکنان نے ان کے انتقال پر گہرے صدمے اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
نارا رام مورتی نائیڈو 1952 میں نارا کرجورانائیڈو اور امامنما کے گھر پیدا ہوئے۔ وہ خاندان کے دوسرے بیٹے تھے۔ ان کے دو بیٹے ہیں: نارا روہت، جو فلمی دنیا میں اپنی پہچان رکھتے ہیں، اور نارا گریش۔
رام مورتی نائیڈو نے 1994 کے اسمبلی انتخابات میں چندرگیری حلقے سے ایم ایل اے منتخب ہو کر سیاسی میدان میں قدم رکھا تھا۔ تاہم، صحت کے مسائل کی وجہ سے وہ بعد میں سیاست سے کنارہ کش ہو گئے اور اپنی زندگی کو گھر تک محدود کردیا ان کے انتقال پر سیاسی حلقوں اور عوام میں غم کا ماحول ہے،