ٹائم مشین کے ذریعہ بوڑھوں کو جوان بنانے کا جھانسہ۔ شوہر، بیوی 35 کروڑ روپئے لوٹ کر فرار
نئی دہلی: ریاست اترپردیش میں بوڑھوں کو جوان بنانے کا جھانسہ دے کر ٹھگ لیا گیا۔ ٹائم مشین کے ذریعے عمر کم کرنے کا جھانسہ دے کر ایک جوڑےنے کانپور میں 35 کروڑ روپے کا دھوکہ دیا۔
تفصیلات کے مطابق کانپور میں راجیو دوبے اور رشمی نامی شوہر بیوی کا تھیراپی سینٹر ہے۔ انہوں نے حال ہی میں اسرائیل سے ٹائم مشین لانے اور اس کے ذریعہ 60 سال کی عمر کے لوگوں کو 25 سال کے نوجوان میں تبدیل کرنے کی تشہیر کی۔ اس بات پر یقین کرتے ہوئے راجو دوبے اور اس کی بیوی سے کئی افراد جوان بننے کی خواہش میں رجوع ہوئے۔اسی طرح اس جوٹے نے ڈاکٹرس کو بھی مشورہ دیا تھا کہ اگر وہ کیسس انہیں ریفر کرتے ہیں تو انہیں بھی بھاری کمیشن دیا جائے گا۔
رقم وصول کرنے کے بعد ہیلتھ چیک اپ کے نام پر کچھ دنوں تک گاہکوں کے معائنہ کیے گئے اور اس کے بعد یہ جوڑا بھاگ گیا۔ متاثرین نے پولیس سے کی گئی شکایت میں کہا کہ اسرائیل کے ٹائم مشین کے نام سے ابھی تک تقریبا 40 سے زائد افراد سے 35 کروڑ روپے راجیو دوبے اور اس کی بیوی نے وصول کر لیے ہیں۔ یہ جوڑا اس وقت فراری میں ہے پولیس نے ان کے خلاف کیس درج کر کے چھان بین شروع کر دی ہے۔
متاثرین کا کہنا ہے کہ جوان رہنے کی خواہش میں وہ دھوکہ کھا گئے اور ان کی محنت کی رقم ہڑپ لی گئی۔