دہلی کے لال قلعہ کے قریب کار میں زوردار دھماکہ، 8 ہلاک، 24 زخمی

دہلی کے تاریخی لال قلعہ کے قریب آج ایک خوفناک دھماکے میں کم از کم 8 افراد ہلاک اور 24 زخمی ہو گئے۔ یہ دھماکہ لال قلعہ میٹرو اسٹیشن کے گیٹ نمبر 1 کے باہر ایک کار میں ہوا، جس کے بعد پورے علاقے میں افرا تفری مچ گئی۔
عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کے فوراً بعد کئی گاڑیوں میں آگ لگ گئی اور سڑک پر انسانی جسم کے اعضاء بکھرے ہوئے نظر آئے۔ ایک شخص نے این ڈی ٹی وی کو بتایا کہ "میں نے سڑک پر جسم کے ٹکڑے پڑے دیکھے، منظر انتہائی خوفناک تھا۔”
دھماکے کے مقام پر کم از کم 20 فائر ٹینڈرز اور درجنوں ایمبولینسیں پہنچ گئیں۔ تمام زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے سے علاقے میں بھاری نقصان ہوا ہے اور قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔
ایک اور رہائشی نے بتایا، "میں نے اپنی چھت سے آگ کا بڑا شعلہ دیکھا، آواز بہت زوردار تھی۔ میرا گھر گوردوارے کے قریب ہے، میں فوراً نیچے دوڑ آیا۔”
دہلی پولیس کی اسپیشل سیل اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور دھماکے کی نوعیت کی جانچ جاری ہے۔ پرانی دہلی کے مصروف علاقوں میں ٹریفک کا رخ موڑ دیا گیا ہے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکہ ایک سے زیادہ کاروں میں ہوا معلوم ہوتا ہے۔ دھماکے کی جگہ سے گوردوارہ سس گنج صاحب چند سو میٹر کے فاصلے پر ہے جبکہ جامع مسجد تقریباً 1.1 کلومیٹر دور واقع ہے۔
تحقیقات جاری ہیں اور حکام نے شہریوں سے افواہوں سے گریز کی اپیل کی ہے۔



