دہلی کی چیف منسٹر ریکھا گپتا پر حملہ کرنے والا گجراتی نکلا

دہلی کی چیف منسٹر ریکھا گپتا پر عوامی شکایات سننے کے دوران حملہ کیا گیا۔ بی جے پی کے صدر ویرندر سچدیوا کے مطابق اس حملے میں ریکھا گپتا کے سر پر معمولی چوٹ آئی ہے تاہم وہ محفوظ ہیں اور حملہ آور کو فوری گرفتار کر لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ابتدائی تفتیش میں حملہ آور نے اپنا نام راجیش بھائی کھمجی بھائی سکریا بتایا ہے، جو گجرات کے راجکوٹ کا رہنے والا 41 سالہ شخص ہے۔ اس کے پاس سے آدھار کارڈ بھی برآمد ہوا جس پر راجکوٹ کے کوٹھاریا روڈ، گوکل پارک-2 کا پتہ درج ہے۔ پولیس اس کے عزائم جاننے کی کوشش کر رہی ہے اور راجکوٹ پولیس کو بھی اطلاع دے دی گئی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور شکایت کے بہانے چیف منسٹر کے قریب گیا۔ پہلے اس نے کچھ کاغذ دیے اور پھر اچانک زور سے چیختے ہوئے حملہ کر دیا۔ کہا جا رہا ہے کہ اس نے ایک بیاگ بھی ساتھ رکھا تھا۔ واقعہ کے بعد بی جے پی نے اسے سیاسی سازش قرار دینے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
دہلی حکومت کے وزیر کپل مشرا نے اس حملے کو ناقابلِ معافی جرم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریکھا گپتا جی ایک بیٹی اور ایک خاتون ہیں جو دن رات دہلی کی خدمت میں لگی ہیں، ان پر حملہ کرنے والے اور اس کے پیچھے کارفرما لوگ بزدل اور مجرم ہیں۔ پولیس ملزم سے سخت تفتیش کر رہی ہے اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کی جا رہی ہے۔