برسات میں گاڑیاں چلانے والے ان باتوں کا ضرور رکھیں خیال ورنہ….

حیدرآباد: اگر آپ برسات کے موسم میں سڑکوں پر گاڑیوں سے سفر کر رہے ہیں تو خاص احتیاطی تدابیر اختیار کرنا نہایت ضروری ہے ورنہ معمولی لاپروائی آپ کی جان کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔ چند سادہ سی احتیاطیں اور ہوشیاری سے سفر نہ صرف محفوظ بن سکتا ہے بلکہ آپ بخیر و عافیت اپنے گھر بھی پہنچ سکتے ہیں۔
متعلقہ حکام نے بارش کے دوران پیش آنے والے عام حادثات اور ان سے بچاؤ کے طریقوں پر اہم نکات بیان کیے ہیں آئیے انہیں جانیں۔بارش کے وقت سڑک پر موجود گرد و غبار کیچڑ میں تبدیل ہو جاتا ہے اور اس پر پانی جمع ہو جاتا ہے۔
ایسے میں ٹائر اور سڑک کے درمیان جو چپکاؤ ہوتا ہے، وہ متاثر ہوتا ہے۔ اس کیفیت کو "ہائیڈرو پلاننگ ایفیکٹ” کہتے ہیں۔ اس کے باعث گاڑی پھسل سکتی ہے اور الٹنے کا خدشہ رہتا ہے۔
خاص طور پر بائیک چلانے والوں کے لیے بارش کے دوران سڑک کا واضح دکھائی نہ دینا ایک بڑی مشکل ہے۔ اگر اس دوران تیز رفتاری اختیار کی جائے تو بریک کام نہیں کرتے اور سامنے آنے والی گاڑی نظر نہ آنے سے تصادم کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ اگر گاڑی پھسل جائے تو نہ صرف سوار بلکہ دیگر راہگیر اور گاڑیاں بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔
برسات کے موسم میں سڑک پر موجود گڑھے بھی جان لیوا ثابت ہو سکتے ہیں۔ بارش کے دوران گڑھے نظر نہیں آتے اور اگر تیز رفتاری سے گاڑی ان میں چلی جائے تو حادثہ یقینی ہے۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے مشورہ دیا جاتا ہے کہ جہاں پانی زیادہ جمع ہو وہاں سے بچ کر سائیڈ سے گزرنا بہتر ہے۔
بارش میں فوری بریک لگانا ممکن نہیں ہوتا جس سے گاڑی کے الٹنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ اس لیے ہمیشہ آہستہ اور محتاط رفتار سے چلنا چاہیے۔ گاڑی چلانے والے ان مندرجہ ذیل نکات کا خاص خیال رکھیں۔
تمام انڈیکیٹرز صحیح کام کر رہے ہوں، خاص طور پر بارش میں انہیں ضرور چالو رکھیں
ڈِپر (لو بیم لائٹس) کا استعمال کریں تاکہ سامنے سے آنے والوں کو پریشانی نہ ہو
ریفلیکٹر یا ریڈیئم اسٹیکرز استعمال کریں تاکہ بارش یا اندھیرے میں آپ کی گاڑی نمایاں دکھے
گاڑی موڑنے سے پہلے 5 تا 10 سیکنڈ قبل انڈیکیٹر دیں
گاڑی کی گنجائش سے زائد لوگوں کو سوار نہ کریں
سیٹ بیلٹ لگانا نہ بھولیں
بائیک چلانے والے ہیلمیٹ لازماً پہنیں
صرف دائیں طرف سے ہی اوورٹیک کریں
گاڑی کی فٹنس اور انشورنس کی جانچ کر لیں
*موسم کی صورتحال دیکھنے کے بعد ہی باہر نکلیں
برسات کا موسم اگرچہ خوشگوار ہوتا ہے، مگر ذرا سی غفلت اسے جان لیوا بھی بنا سکتی ہے۔ سڑک پر محتاط رویہ، مناسب رفتار اور مذکورہ احتیاط آپ کو خطرات سے محفوظ رکھ سکتی ہیں۔