نیشنل

ہندوستان بھر میں عقیدت اور احترام کے ساتھ منائی گئی عیدالاضحٰی _ بقرعید پر احتیاط کا راستہ، مسلمانوں کی اکثریت نے بڑے جانوروں کے بجائے بھیڑ بکرے قربان کئے

حیدرآباد _ 18 جون ( اردولیکس) ہندوستان بھر میں انتہائی عقیدت اور احترام کے ساتھ عیدالاضحٰی منائی گئی۔ ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، ٹاونس اور دیہاتوں کی مساجد، عید گاہوں اور کھلے میدانوں میں عیدالاضحیٰ کی نماز کے اجتماعات منعقد کیے گئے۔

 

نماز عید کی ادائیگی کے بعد عالم اسلام کی سربلندی، ملکی ترقی و خوشحالی، فلسطینی مسلمانوں کے لیے بھی دعائیں کی گئیں۔بعد نماز عید ملک کے کونے کونے میں مسلمان سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی دی

 

۔قربانی کا یہ سلسلہ عید الاضحیٰ کے تین دن تک ایام تک جاری رہے گا۔اللہ کی راہ میں انفرادی اور اجتماعی قربانی دی گئی۔ تلنگانہ کی دارالحکومت حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے اضلاع میں بھی عیدالاضحٰی پرامن ماحول میں منائی گئی۔

 

بقرعید کے موقع پر ملک کی مختلف ریاستوں میں گائے اور دیگر بڑے جانوروں کی قربانی پر عائد پابندیوں اور ہندوتوا تنظیموں کی جانب سے کھڑی کی جانے والی رکاوٹوں کے پیش نظر اس سال مسلمانوں کی بڑی تعداد نے احتیاط کا راستہ اختیار کیا۔ بیشتر مقامات پر مسلمانوں نے گائے اور بڑے جانوروں کی قربانی سے گریز کرتے ہوئے بھیڑ، بکرے اور دیگر چھوٹے جانوروں کی قربانی کو ترجیح دی۔

 

متعدد شہروں میں مقامی انتظامیہ کی جانب سے سخت نگرانی، پولیس بندوبست اور جانوروں کی منتقلی پر خصوصی چوکسی دیکھی گئی۔ بعض علاقوں میں ہندوتوا تنظیموں کی سرگرمیوں اور ممکنہ تنازعات کے خدشات کے باعث مسلم خاندانوں نے امن و امان کو مدنظر رکھتے ہوئے روایتی انداز میں بقرعید منانے کو ترجیح دی۔

 

گزشتہ چند برسوں سے قربانی کے معاملہ پر بڑھتی حساسیت، مختلف ریاستوں میں نافذ قوانین اور شدت پسند عناصر کی مداخلت نے مسلمانوں کے اندر خوف اور احتیاط کا ماحول پیدا کیا ہے۔ اسی وجہ سے اس مرتبہ بازاروں میں بڑے جانوروں کے مقابلہ میں بھیڑ اور بکروں کی خریداری زیادہ دیکھی گئی۔

 

کئی مذہبی و سماجی رہنماؤں نے عوام سے اپیل کی کہ قربانی کے دوران قانون کی پابندی، صفائی ستھرائی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا خاص خیال رکھا جائے تاکہ عیدالاضحیٰ امن و سکون کے ساتھ منایا جاسکے۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button