خلیجی ممالک میں کشیدگی : پی وی سندھو وطن واپس، پھنسے بھارتیوں کی واپسی کے لئے خصوصی پروازیں شروع

خلیجی خطے میں پیدا شدہ کشیدہ صورتحال اور فضائی حدود کی بندش کے باعث پھنسے بھارتی شہریوں کی واپسی کا عمل تیز ہو گیا ہے، جبکہ بھارت کی اسٹار بیڈمنٹن کھلاڑی پی وی سندھو بھی بحفاظت وطن لوٹ آئی ہیں۔
پی وی سندھو برمنگھم میں منعقد ہونے والی آل انگلینڈ بیڈمنٹن چیمپئن شپ میں شرکت کے لیے روانہ ہوئی تھیں، تاہم ایران کے حملوں کے پس منظر میں خلیجی فضائی حدود بند ہونے سے وہ دبئی ایئرپورٹ پر رک گئیں۔ انہوں نے اپنے پیغام میں اطلاع دی کہ وہ بحفاظت بنگلورو میں اپنے گھر پہنچ گئی ہیں۔
سندھو نے کہا کہ گزشتہ چند دن بے یقینی اور تشویش میں گزرے، لیکن گھر واپسی باعثِ اطمینان ہے۔ انہوں نے دبئی حکام، ایئرپورٹ اور امیگریشن عملے کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کچھ دن آرام کے بعد وہ دوبارہ تیاری شروع کریں گی۔
دوسری جانب مرکزی حکومت نے خلیجی ممالک میں پھنسے بھارتی شہریوں کی واپسی کے لیے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق جدہ سے آج 10 خصوصی پروازیں چلائی جا رہی ہیں۔ متحدہ عرب امارات میں موجود بھارتیوں کو واپس لانے کے لیے فجیرہ سے دہلی، ممبئی اور کوچین کے لیے چار خصوصی پروازیں روانہ کی جا رہی ہیں۔ علاوہ ازیں ابوظہبی سے ایک پرواز دہلی پہنچ چکی ہے، جس کے ذریعے متعدد شہری وطن واپس لوٹ آئے ہیں۔
حکام کے مطابق صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور ضرورت پڑنے پر مزید خصوصی پروازیں چلانے کا بھی امکان ہے۔



