کاکروچ جنتا پارٹی کی سوشل میڈیا مہم پر انٹلیجنس ایجنسیاں الرٹ

نئی دہلی – سوشل میڈیا پر تیزی سے مقبول ہورہی ’کاکروچ جنتا پارٹی‘ (سی جے پی) کو لے کر ملک کی سکیورٹی ایجنسیاں الرٹ ہوگئی ہیں۔ انٹلیجنس ادارے اس پہلو سے تحقیقات کررہے ہیں کہ کہیں بے روزگار نوجوانوں کی ناراضگی کو بنیاد بناکر ملک میں بے چینی اور افراتفری پھیلانے کی کوئی منظم سازش تو نہیں کی جارہی۔ حکام کو اس بات پر بھی شبہ ہے کہ انتہائی کم وقت میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر لاکھوں فالوورز حاصل ہونا کسی بیرونی طاقت کے تعاون کا نتیجہ ہوسکتا ہے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سوریہ کانت نے عدلیہ کے خلاف آر ٹی آئی کارکنوں کے رویے پر سخت ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے انہیں “کاکروچ” سے تشبیہ دی تھی۔ چیف جسٹس کے اس تبصرے کے خلاف سوشل میڈیا پر طنزیہ انداز میں “کاکروچ جنتا پارٹی” کے نام سے ایک ڈیجیٹل مہم شروع ہوئی، جس نے چند ہی دنوں میں غیرمعمولی مقبولیت حاصل کرلی۔
اطلاعات کے مطابق صرف پانچ دنوں میں سی جے پی کے انسٹاگرام پیج کے فالوورز کی تعداد ڈیڑھ کروڑ سے تجاوز کرگئی، حتیٰ کہ یہ تعداد حکمراں جماعت بی جے پی کے سوشل میڈیا فالوورز سے بھی آگے نکل گئی، جس پر سیاسی و سماجی حلقوں میں بحث چھڑ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق جین-زی نوجوان بے روزگاری، نیٹ امتحانات کے پرچہ لیک معاملہ اور معاشی مسائل کے خلاف ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر احتجاجی مہم چلارہے ہیں۔ دوسری جانب انٹلیجنس حکام کا ماننا ہے کہ یکساں ہیش ٹیگز، اے آئی سے تیار کردہ گانے اور منظم انداز میں کی جانے والی پوسٹس کے پیچھے ممکنہ طور پر “ڈیپ اسٹیٹ آئی ٹی سیلز” سرگرم ہوسکتے ہیں۔
اسی تناظر میں مرکزی حکومت کی ہدایت پر بھارت میں سی جے پی کے سرکاری ایکس (ٹوئٹر) اکاؤنٹ کو معطل کردیا گیا ہے۔ تاہم اپوزیشن جماعتوں نے اس اقدام پر شدید اعتراض کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ حکومت نوجوانوں کی طنزیہ اور ڈیجیٹل مزاحمتی آواز کو دبانے کی کوشش کررہی ہے۔ اپوزیشن قائدین کا کہنا ہے کہ حکومت اختلافی آوازوں کو “ملک دشمن” قرار دے کر خاموش کرانے کی پالیسی پر عمل کررہی ہے۔



