بھانجی انجلی کی شادی کے مقام پر تنازعہ – سابق چیف منسٹر جگن کا بہن شرمیلا کے نام مکتوب

امراوتی: وائی ایس شرمیلا کی دختر انجلی کی شادی کے مقام کو لے کر جاری تنازع پر وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے سابق چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کا شرمیلا کے نام تحریر کردہ مکتوب جاری کیا ہے۔
9 اکتوبر کو لکھے گئے اس مکتوب میں جگن نے انجلی کی شادی طے ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بنگلور میں ان کی رہائش گاہ پر شادی منعقد کرنے سے سکیورٹی اور رازداری کے سنگین مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔
جگن نے کہا کہ یہ ان کا گھر ہے جہاں وہ اپنے خاندان کے ساتھ محفوظ رہنا چاہتے ہیں اور اگر ان کی اپنی بیٹیوں کی شادی بھی ہوتی تو وہ یہی فیصلہ کرتے۔ انہوں نے مکتوب میں اس بات پر افسوس ظاہر کیا کہ شرمیلا نے ان کے خدشات کو نظرانداز کیا۔
جگن نے کہا کہ بنگلور میں ان کی موجودہ رہائش گاہ پر شادی منعقد کرنے سے سکیورٹی اور رازداری کے سنگین مسائل پیدا ہوسکتے ہیں، کیونکہ ایسی تقریبات میں کیٹرنگ، سجاوٹ اور انتظامات سے وابستہ عملے سمیت متعدد ناواقف افراد کی آمدورفت رہتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ کوئی معمولی فیصلہ نہیں ہے اور اگر ان کی اپنی بیٹیوں ہرشا یا ورشا کی شادی بھی ہوتی تو وہ یہی موقف اختیار کرتے، کیونکہ ان کے لئے خاندان کی سلامتی انتہائی اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ بنگلور کی رہائش گاہ کے بجائے کنونشن سینٹر، کسی دوسرے مقام پر شادی یا حیدرآباد کے لوٹس پونڈ میں واقع رہائش گاہ کا انتخاب کیا جاسکتا ہے۔ جگن نے شرمیلا سے اپیل کی کہ وہ ان کے حالات اور سکیورٹی خدشات کو سمجھتے ہوئے شادی کے لئے متبادل مقام منتخب کریں۔ انہوں نے انجلی کی شادی شاندار انداز میں منعقد ہونے کی خواہش بھی ظاہر کی۔۔ انہوں نے شرمیلا سے اپیل کی کہ وہ ان کے حالات اور نقطۂ نظر کو سمجھیں۔



