سالانہ قادر علی بیگ تھیٹر فیسٹیول کا آغاز۔حیدرآباد پرفارمنگ آرٹس کے عالمی اسٹیج پر آگیا گورنر

حیدرآباد۔9نومبر (پریس نوٹ) حیدرآباد کے تھیٹر شائقین کے لئے ان کے ذوق کی تسکین کرنے والا سال کا وہ وقت پھر آچکا ہے۔ قادر علی بیگ تھیٹر فاونڈیشن کا سالانہ قادر علی بیگ تھیٹر فیسٹیول 7نومبر کو شروع ہوا۔ اس مہینہ 3ویک اینڈس پر اس فیسٹیول کا اہتمام کیا جارہا ہے جس میں ملک بھر سے کئی فنکار حصہ لے رہے ہیں اور بہترین فلمیں دکھائی جارہی ہیں
جنہیں عالمی سطح پر ناقدین کی پذیرائی حاصل ہوئی۔ تھیٹر فیسٹیول کا آغاز جمعہ 7نومبر کو شرمیلا ٹیگور ، موہن اگاشے اور سونالی کلکرنی کی فلم آوٹ ہاوز سے ہوا۔ اس کے بعد ہفتہ کو مشہور کنٹر فلم ہری کتھا پرسنگا اور اتوار کو تلگو فلم مٹی منشولو پیش کی گئی۔ اس تلگو فلم میں معین علی بیگ، ارچنا اور مینا گپتا نے اہم کردارا ادا کیا۔ تینوں فلمیں انگلش سب ٹائٹلس کے ساتھ پیش کی گئیں۔ اس کے علاوہ ہفتہ 8نومبر کو ماسٹر کلاس اور ورکشاپ کا اہتمام کیا گیاجس سے فن کے قدر دان طلبا اور طالبات نے استفادہ کیا
اور اداکاری اور فلم سازی کی باریکیوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ موہن اگاشی نے بچوں کے تھیٹر اور ڈالی اہلو والیہ نے کاسٹیوم ڈیزائننگ کی تربیت دی۔ قادر علی بیگ تھیٹر فیسٹیول 20سال سے ہر سال منعقد کیا جارہا ہے۔ گورنر جشنو دیو ورما نے اس فیسٹیول کا حصہ بننے پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ اس فیسٹیول میں حیدرآباد کو پرفارمنگ آرٹس کے عالمی اسٹیج پر لادیا ہے۔ سینئر اداکارہ شرمیلا ٹیگور نے ان کی فلم سے تھیٹر فیسٹیول کے آغاز پر خوشی کا اظہار کیا اور 20سال کی تکمیل پر قادر علی بیگ تھیٹر فاونڈیشن کے
روح رواں محمد علی بیگ کو مبارکباد دی۔ اس فیسٹیول کا اہتمام ریڈیسن بلیو بنجارہ ہلز میں کیا جارہا ہے۔



