سیلفی لینے کی کوشش مہنگی پڑ گئی، جنگلی ہاتھی کا حملہ، ایک شخص شدید زخمی

کرناٹک میں سیلفی لینے کی کوشش ایک شخص کو مہنگی پڑ گئی، جنگلی ہاتھی کا حملہ، شخص شدید زخمی
کرناٹک کے بندی پور جنگلاتی علاقے میں ایک شخص جنگلی ہاتھی کے حملے میں شدید زخمی ہو گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، یہ واقعہ اوٹی-میسور نیشنل ہائی وے پر پیش آیا، جو جنگل کے بیچ سے گزرتی ہے اور جہاں گاڑی روکنا سختی سے منع ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ متعدد افراد اور گاڑیاں موقع پر موجود تھیں۔ اطلاعات کے مطابق، ایک شخص جو مبینہ طور پر کیرالا کا رہائشی بتایا جا رہا ہے، اپنی گاڑی سے اتر کر ہاتھی کے قریب سیلفی لینے گیا۔ اسی دوران ہاتھی نے اچانک حملہ کر دیا اور سڑک پر اس کا پیچھا کیا۔
وہ گھبرا کر سڑک کے کنارے گھاس والے میدان کی طرف بھاگا، پھر واپس سڑک کی طرف دوڑنے کی کوشش میں لڑکھڑا کر گر گیا، جس کے بعد ہاتھی نے اسے روند ڈالا۔بعد ازاں ہاتھی وہاں سے چلا گیا مقامی افراد نے اسے شدید زخمی حالت میں ہاسپٹل منتقل کردیا کیا جہاں اس کا علاج جاری ہے
بندی پور، جو ایک اہم وائلڈ لائف کوریڈور اور سیاحوں کی مقبول منزل ہے، میں اس سے قبل بھی ہاتھیوں کے حملے کے واقعات پیش آ چکے ہیں جن میں بعض جان لیوا ثابت ہوئے۔ علاقے میں شیروں کے حملوں کی بھی اطلاعات ملی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ وارننگز کے باوجود گاڑی روکنے یا باہر نکلنے سے اکثر ایسے حادثات پیش آتے ہیں۔