حیدرآباد میں بارش سے کئی علاقوں میں پانی، ورنگل میں دیوار گرنے سے ایک کی موت _ سدی پیٹ اور جنگاوں کی سڑک بہہ گئی ، تلنگانہ میں مسلسل چوتھے دن بارش

حیدرآباد _ 20 جولائی ( اردولیکس) تلنگانہ کے کئی اضلاع اور حیدرآباد میں مسلسل چوتھے دن بھی شدید بارش ہورہی ہے۔ حیدرآباد کے بیشترعلاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ بنجارہ ہلز، جوبلی ہلز، پنجہ گٹہ، امیرپیٹ، بورابنڈہ، کوکٹ پلی، مادھاپور، فلم نگر اور دیگر علاقوں کی بعض کالونیاں زیر آب آگئیں۔ کئی مقامات پر بجلی کی فراہمی میں رکاوٹ کے باعث عوام کو مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے حیدرآباد کے لنگم پلی ریلوے انڈر پاس کے نیچے بارش کا پانی جمع ہوگیا جس سے گاڑیوں کی آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا
ورنگل ضلع کے پیڈی پلی گاوں میں دیوار گرنے کے باعث 38 شخص کی موت ہوگئی۔ بتایا جاتا ہے کہ وجئے نامی شخص اپنے مکان میں سو رہا تھا کہ بارش سے متاثرہ دیوار اس پر گر پڑی جس کے نتیجہ میں اس کی موت ہوگئی۔
۔بھدراچلم ٹاون میں مسلسل بارش اور بالائی علاقوں کے پراجکٹس کے پانی کے بہاو کی وجہ سے دریائے گوداوری کی سطح میں مسلسل اضافہ ہوتاجارہا ہے۔اس دریا کی سطح 43 فٹ کی پہلی وارننگ لیول تک پہنچنے کا امکان ہے، یہ سطح صبح 7 بجے 39.10 فٹ تک پہنچ گئی جس کے ساتھ ہی 8,38,117کیوزک پانی کو 10بجے دن چھوڑا گیا۔بالائی پراجکٹس میں مسلسل بارش کے پانی کے سبب پانی کی سطح بڑھ رہی ہے۔
جنگاوں اور سدی پیٹ ضلع کو ملانے والی سڑک شدید بارش کی وجہ سے بہہ گئی۔جس کے نتیجہ میں دو اضلاع کے عوام کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے